آئینے کے بارے میں مختلف روایات

آئینے ہمیشہ سے ہی پراسرار رہے ہیں ۔ آئینوں کو صرف چہرہ دیکھنے کے لئے نہیں بلکہ دوسرے مقاصد کے لیے بھے استعمال کیا جاتا رہا ہے ۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ایک زمانے میں امیر خاندان اپنی دولت کی نمائش کرنے کے لیے گھروں میں وینس میں بننے والے بڑے بڑے آئینے نصب کیا کرتے تھے۔

ظاہر ہے کہ اس زمانے میں آئینے بہت مہنگے ہوا کرتے تھے۔آئینوں کے ایسے عجیب و غریب اور پراسرار استعمال ہیں جن میں سے بعض آپ کو حیرت زدہ کر دیں گے۔تیسری صدی قبل مسیح میں قدیم یونان میں جادوگرنیاں آئینوں کی مدد سے لوگوں کو قسمت کا حال بتایا کرتی تھیں۔اسی طرح روم میں آئینے استعمال کر کے ماضی کے بارے میں بتایا جاتا تھا اور مستقبل کے بارے میں پیش گوئیاں کی جاتی تھیں۔اب بھی کئی لوک کہانیوں میں آئینے کے ایسے ہی استعمال کا ذکر مل جاتا ہے۔آج کل آئینے المونیم کے پاؤڈر سے بنتے ہیں لیکن قدیم مصری اپنے آئینے تانبے کو پالش کر کے بناتے تھے۔ تانبہ دیوی سے وابستہ تھا جسے حسن، محبت، اور جادو کی دیوی سمجھا جاتا تھا۔ایزٹک تہذیب میں ایک قسم کے سیاہ پتھر کو چمکا کر اس سے آئینہ بنایا جاتا تھا اور خیال تھا کہ ان کا تعلق ایک دیوتا تیزکاٹلیپوکا سے ہے۔ یہ دیوتا رات، وقت اور آبائی یادداشت کا دیوتا تھا اور سمجھا جاتا تھا کہ آئینے اِس دنیا اور اُس دنیا کے درمیان پل کا کام کرتے ہیں۔چین میں آئینے چاند کی توانائی کو مقید کرنے کے لیے استعمال ہوتے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ ایک بادشاہ نے دعویٰ کیا کہ جو کوئی ان کے آئینے میں دیکھتا ہے وہ ان کے اندر کی خصوصیات جان لیتے ہیں۔ روایت کے مطابق اپنے آئینے کی اسی خصوصیت کی مدد سے وہ اقتدار میں آئے تھے۔آئینوں کے بارے میں یہ روایت بھی مشہور ہے کہ وہ اپنے اندر سارے واقعات ریکارڈ کر لیتے ہیں۔ مشہور کہانی سنو وائٹ میں یہ واقعہ بیان کیا گیا ہے۔اصل سنو وائٹ 18ویں صدی کی ایک جرمن نواب زادی تھی جس کے باپ نے دوسری شادی کر لی تھی۔ اس کی سوتیلی ماں کو سنو وائٹ کے باپ نے تحفے میں ایک آئینہ دیا۔یہ آئینہ باتیں بھی کرتا تھا۔ اس علاقے میں مشہور تھا کہ آئینے ہمیشہ سچ بولتے ہیں۔ اسی سے کہانی مشہور ہو گئی۔ جو ظاہر ہے کہ کہانی ہی ہے لیکن اصل آئینہ آج بھی جرمنی کے ایک میوزیم میں موجود ہے۔آئینوں کے بارے میں کئی توہمات مشہور ہیں، مثال کے طور پر اگر آپ سے آئینہ ٹوٹ جائے تو یہ بدقسمتی کی علامت ہے۔یہ روایت رومنوں نے شروع کی تھی جو سمجھتے تھے کہ انسانی روح آئینے کے ان ٹکڑوں میں قید ہو کر رہ جاتی ہے اور اسے اگلے جہان تک جانے کا موقع نصیب نہیں ہوتا۔البتہ پاکستان میں اس کے الٹ روایت ہے۔ یہاں کہا جاتا ہے کہ گھر میں آئینے کا ٹوٹنا نیک شگون ہے کیوں کہ اس طرح آپ پر نازل ہونے والی بلا آئینے کو آ گئی ہے۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *