آزاد کشمیر میں (ن) لیگ تنظیمی طور پر ختم کر دی گئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں باہمی اختلافات اور پارٹی عہدوں کیلئے گروپ بندی پر صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے ایکشن لے لیا‘ تنظیم کا مکمل ڈھانچہ تحلیل کرتے ہوئے شاہ غلام قادر کی سربراہی میں 15رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دیدی جو تنظیم نو کے اقدامات

کرتے ہوئے دو ماہ کے اندر پارٹی عہدوں کیلئے انتخابات کرائے گی۔مزید تفصیلات کے مطابق اور مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پارٹی صدر شہباز شریف نے تنظیم کا آزاد کشمیر کا مکمل ڈھانچہ تحلیل کرنے کی منظوری دی ہے جس میں آزاد کشمیر (ن) لیگ کی مرکزی تنظیم سمیت تمام ونگز‘ اوورسیز اور پاکستان میں موجود آزاد کشمیر ونگ کی تحلیل شامل ہے۔ ریاست میں تنظیم نو کے لئے شاہ غلام قادر کی سربراہی میں پندرہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پارٹی کی تنظیم نو کیلئے بنیادی اقدامات کرے گی اور پارٹی عہدوں کیلئے ڈویژن‘ اضلاع‘ انتخابی حلقوں‘ یونین کونسل‘ وارڈز اور پولنگ سٹیشنز کی سطح پر الیکشن منعقد کرے گی۔ تنظیم نو کمیٹی ارکان کی مشاورت سے کی جائے گی جس سے پارٹی کے صدر اور سیکرٹری جنرل جنرل باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے گا۔ کمیٹی پارٹی کے مرکزی عہدوں کے لئے دو ماہ میں انتخابات کرائے گی۔ کمیٹی ارکان میں راجہ فاروق حیدر‘ چوہدری طارق فاروق‘ مشتاق منہاس‘ چوہدری عزیز‘ ڈاکٹر نجیب نقی‘ مس نورین عارف‘ بیرسٹر افتخار گیلانی‘ راجہ نصیر احمد خان‘ چوہدری محمد سعید‘ ڈاکٹر مشتاق بشیر‘ راجہ محمد صدیق‘ سید شوکت شاہ‘ عبدالخالق وصی اور ذوالفقار ملک شامل ہیں۔ واضح رہے کہ عام انتخابات میں شکست کا ذمہ دار پارٹی صدر راجہ فاروق حیدر کو قرار دے کر (ن) لیگ کے دیگر عہدیدار باہمی گروپ بندی کا شکار تھے اور آئے روز مختلف عہدو ں پر تقرریوں کے لئے عہدیدار آپس کی رسہ کشی میں مصروف تھے۔

Comments are closed.