اداکارہ سے کیا مطالبہ کیا گیا ؟

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپورکو بھارتی پنجاب میں کسانوں نے فلم کی عکسبندی سے روک دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 11 جنوری کو پنجاب کے علاقے فتح گڑھ صاحب میں فلم ‘گڈ لک جیری’ کی عکسبندی کے دوران پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق فلم کی عکسبندی کے دوران مظاہرین نے فلم کے عملے اور ادکاروں کا گھیراؤ کرلیا اور مطالبہ کیا کہ متنازع زرعی قوانین کے حوالے سے بیان دیں۔ کسانوں کا کہنا تھا کہ بالی وڈ کی جانب سے ابھی تک ہمارے حق میں کوئی بیان نہیں دیا گیا اور نہ ہی کوئی تبصرہ کیا گیا،جس پر فلم ڈائریکٹر نے یقین دلایا کہ فلم کی ادکارہ جھانوی کپور اس حوالے سے ضرور بیان دیں گی جس کے بعد مظاہرین وہاں سے چلے گئے اور کام دوبارہ شروع ہو گیا ۔  بعد ازاں جھانوی کپور نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ میں لکھا کہ کسان ہمارا دل ہیں اور میں ملک کو خوراک کی فراہمی کے لیے ان کے کردار کو تسلیم کرتی ہوں، مجھے امید ہے کہ اس مسئلے کا جلد حل نکلے گا جو کہ کسانوں کے حق میں ہوگا۔ خیال رہے کہ بھارت میں کسان 51 روز سے کسان مخالف نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کررہے ہیں اور سیکڑوں کسانوں نے نئی دہلی کے مختلف راستوں پر دھرنا دے رکھا ہے۔

Comments are closed.