اسپیکر قومی اسمبلی نے حتمی فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) کئی روز سے چلنے والی بحث کا ڈراپ سین ۔ اسپیکر اسد قیصر نے ن لیگ کے دو ارکان اسمبلی کے استعفی منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں ارکان نے اسپیکر سے استعفے رد کرنے کی درخواست کی تھی۔تفصیلات کے مطابق لیگی ارکان قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور

سجاد اعوان کے استعفوں پر اسپیکر قومی اسمبلی نے رولنگ دے دی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنی رولنگ میں کہا کہ دونوں اراکین نے استعفوں کی تصدیق نہیں کی، اراکین نے اپنے استعفوں کو جعلی قرار دیا اور موصول ہونے والے استعفے متعلقہ ممبران کے ثابت نہیں ہوسکے۔رولنگ میں کہا گیا کہ استعفوں پر کارروائی قانون اور سپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں لائی گئی، استعفوں کی تصدیق نہ ہوسکی لہذا ان پر مزید کارروائی کی ضرورت نہیں۔گذشتہ روز قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعت ن لیگ کے استعفے دینے والےدو ایم این ایز نے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے کہا تھا کہ ہمارے استعفے منظور نہ کئے جائیں، ن لیگ کے ممبران قومی اسمبلی سجاد اعوان اور مرتضیٰ جاوید عباسی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اس سلسلے میں تحریری درخواست بھی دی تھی۔

Comments are closed.