افغان سفیر کی بیٹی گھر سے نکل کر ادھر ادھر کیوں گھومتی رہی ؟

اسلام آباد (ویب ڈیسک )وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے افغان سفیر کی بیٹی کے کیس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی اپنے گھر سے پیدل نکلی تھیں ،و ہ ٹیکس میں کہاں گئیں ہمارے پاس تمام معلومات ہیں ، ملزمان ایک دو روز میں گرفتار کر لئے جائیں گے ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کیمرہ اور ویڈیوز کے مطابق افغان سفیر کی بیٹی گھر سے پیدل نکلیں ، مارکیٹ میں آئیں وہاں سے ٹیکسی لے کر شاپنگ کیلئے کھڈا مارکیٹ میں اتریں ، کھڈا مارکیٹ سے ایک اور ٹیکسی لی ۔شیخ رشید نے کہا کہ ہماری فوٹیج کے مطابق یہ راولپنڈی گئیں ،راولپنڈی کے شاپنگ مال اتریں ، ان کے اترنے کی فوٹیج موجود ہیں ، اس کے بعد یہ تیسری ٹیکسی پر دامن کوہ اتریں ،یہ راولپنڈی سے دامن کوہ کیسے پہنچیں اس پر کام ہو رہا ہے ، یہ ایف سکس سے گھر جا سکتی تھیں لیکن انہوں نے ایف نائن جانے کو اہمیت دی ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم کے حکم پر اس کیس کو خصوصی طور پر دیکھا گیا رات دو بجے سفیر کی بیٹی نے ہمیں تحریر دی جس کے بعد پی پی سی کی دفعہ 365,354,506,34کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش جاری ہے ، کیس کی کڑیاں تیزی سے ایک دوسرے سے مل رہی ہیں ،شام تک گتھی سلجھ جائے گی ۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارت ہمیشہ ہمارے خلاف منفی پروپیگنڈا کرتا ہے ، اس واقعے پر بھی بھارت نے پرانی فوٹیج لگا کر پروپیگنڈا کیا ، ہم عالمی میڈیا کو خاص طور پر حقیقت تک لے کر جائیں گے ، خطے میں ہماری اہمیت بڑ ھ چکی ہے ، عمران خان کی ، فارن پالیسی کی مقبولیت بڑھ چکی ہے ، عالمی سطح پر ایبسولوٹلی ناٹ کے بیانیے کو تسلیم کیا گیا اور اسے پذیرائی ملی ، ایسے میں بھارت کی جانب سے منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے مگر ہم حقائق عالمی میڈیا کے سامنے رکھیں گے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *