اگر فوج کی غیر قانونی تعمیرات کو چھوڑ دیں تو باقی غیر قانونی تجاوزات کیسے گرائیں گے ؟

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے نے کنٹونمنٹ اراضی پر کمرشل سرگرمیوں سے متعلق سیکرٹری دفاع کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سیکرٹری دفاع سے چار ہفتے میں عملدرآمد رپورٹ پیش طلب کرلی جبکہ چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے ریمارکس دیئے ہیں کہ کراچی میں تمام غیر قانونی عمارتیں مسمار کروا رہے ہیں،

کیا سنیما، شادی ہالز، اسکول اور گھر بنانا دفاعی مقاصد ہیں؟،فوج جن قوانین کا سہارا لیکرکمرشل سرگرمیاں کرتی ہے وہ غیرآئینی ہیں اور فوج ریاست کی زمین پرکمرشل سرگرمیاں کیسے کرسکتی ہے؟، ایسا نہیں ہوسکتا کہ فوج کی غیرقانونی تعمیرات کو چھوڑدیں اگر فوج کی غیرقانونی تعمیرات کو چھوڑدیا تو باقی کوکیسے گرائیں گے؟۔ منگل کو سپریم کورٹ میں کنٹونمنٹ اراضی پر کمرشل سرگرمیوں کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ دور ان سماعت عدالت نے سیکرٹری دفاع کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دے اس موقع پر اٹارنی جنرل کی استدعا پر عدالت نے رپورٹ واپس لینے کی اجازت دیدی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیا سنیما، شادی ہال، سکول اور گھر بنانا دفاعی مقاصد ہیں؟ کراچی میں تمام غیر قانونی عمارتیں مسمار کروا رہے ہیں۔دورانِ سماعت چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ کار ساز میں بڑی بڑی دیواریں کھڑی کر کے سروس روڈ بھی اندر کر دیئے گئے، کنٹونمنٹ زمین کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم نہیں کیا جا سکتا، پرل مارکی اور گرینڈ کنونشن ہال ابھی تک برقرار ہیں، کالا پْل کے ساتھ والی دیوار اور گرینڈ کنونشن ہال آج ہی گرائیں، کار ساز اور راشد منہاس روڈ پر اشتہارات کے لیے بڑی بڑی دیواریں بنا دی گئی ہیں۔سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ میاں ہلال عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ یہ حکومت کی زمین ہے، اٹارنی جنرل بتائیں وزارتِ دفاع کیسے اس استعمال کو دفاع تک محدود رکھے گی، پورے پاکستان میں کنٹونمنٹ بورڈ کی اراضی پر یہ سلسلہ جاری ہے، سی ایس ڈی کو بھی اب اوپن کمرشل ڈپارٹمنٹل اسٹور بنا دیا گیا ہے،

گِزری روڈ پر راتوں رات بلڈنگ کھڑی کر دی گئی، ہم ابھی سو کر نہیں اٹھے تھے کہ انہوں نے بلڈنگ کھڑی کر دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے سیکریٹری دفاع سے استفسار کیا کہ ہمیں بتائیں آپ کا آگے کا کیا پلان ہے؟سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ میاں ہلال نے جواب دیا کہ تینوں سروسز کی کمیٹی بنا دی ہے جو غیر قانونی عمارتوں کی نشاندہی کرے گی۔چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ اگر یہ غیر قانونی عمارتیں رہیں گی تو باقیوں کے خلاف کیا ایکشن لیں گے؟ یہ فیصلہ ایک روایت بن جائے گا، فوج ریاست کی زمین پر کمرشل سرگرمیاں کیسے کر سکتی ہے؟ ریاست کی زمین کا استحصال نہیں کیا جا سکتا، کنٹونمنٹ کی زمین دفاعی مقاصد پورے ہونے پر حکومت کو واپس کرنی ہوتی ہے، حکومت زمین انہیں واپس کرے گی جن سے حاصل کی گئی ہو، اعلیٰ فوجی افسران کو گھر دینا دفاعی مقاصد میں نہیں آتا۔چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ اٹارنی جنرل آپ سیکرٹری دفاع کو کہیں کہ جو رپورٹ جمع کرائی ہے یہ درست نہیں، رپورٹ میں لکھا ہے کہ بلڈنگز گرا دی ہیں جبکہ وہاں بلڈنگز کھڑی ہیں۔سیکرٹری دفاع نے چیف جسٹس کو جواب دیا کہ سر میں موقع پر جا کر تصاویر بنا کر نئی رپورٹ مرتب کروں گا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہمارے اور آرمی دونوں کیلئے یہ صورتِ حال باعثِ شرمندگی ہے۔اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کہا کہ ہم یہ رپورٹ واپس لیتے ہیں۔سپریم کورٹ نے ہدایت دی کہ جامع رپورٹ داخل کریں کہ کنٹونمنٹ کی کون سی زمین کن مقاصد کے لیے ہے، قانون کے مطابق اسٹریٹجک لینڈ صرف ڈیفنس مقاصد کیلئے استعمال ہو گی، تفصیلی رپورٹ 4 ہفتوں میں جمع کرائیں۔سپریم کورٹ نے تھرکول منصوبہ کرپشن کیس تحقیقات کیلئے نیب کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ چیئرمین نیب آڈیٹر جنرل رپورٹ کا جائزہ لیکر ابتدائی رپورٹ تین ماہ میں پیش کریں، نیب سرکاری فنڈز کی خردبرد میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کرے، تھر کے لوگ بنیادی سہولیات اور پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں، ٹھٹھہ، منوڑا اور سجاول کے حالات بھی اچھے نہیں۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ وزیراعلی سندھ سمیت کسی سرکاری عہدیدار کی معاملے میں کوئی دلچسپی نہیں، سارا پیسہ ایک اکاؤنٹ سے نکل کر دوسرے میں چلا گیا اسی لیے دلچسپی نہیں، آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کی سفارشات اور نتائج کی روشنی میں سندھ حکومت نے کوئی ایکشن نہیں لیا، رپورٹ چئیرمین نیب کو بجھوا دیتے ہیں، چئیرمین نیب رپورٹ کو دیکھیں کہ کیا بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا کیس بنتا ہے۔ عدالت نے مزید سماعت تین ماہ کیلئے ملتوی کر دی۔۔