ایسے تو پرچون کا کھوکھا نہیں چلتا جیسے یہ ملک چلا رہے ہیں ۔۔۔۔۔

لاہور (ویب ڈیسک) نامور کالم نگار حسن نثار اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔ یہاں انتظامیہ ہے انتظام نہیں، بیکاری ہے اور کام نہیں، وحشی گھوڑے ہیں لگام نہیں ۔پیاس ہے پانی نہیں ہے، پیدا ہوتے ہی بڑھاپا ہے جوانی نہیں ہے ۔’’میں نے بچپن سے بڑھاپے میں قدم رکھا ہے‘‘

داستان گو بہت ہیں کہانی نہیں ہے ۔انجماد کی انتہا ہے، روانی نہیں ہے ۔درخت بہت ہیں چھائوں نہیں ہے، زمین موجود پائوں نہیں ہیں۔دوا ہے شفا نہیں ہے، لو ہے صبا نہیں ہے، خدمت ہے جزا نہیں ہے، جسم ہے قبا نہیں ہے، معدہ ہے غذا نہیں ہے، گناہ ہے خطا نہیں ہے واردات ہے گواہ نہیں ہے، جوان بیوہ ہے نکاح نہیں ہے (حالانکہ حکم اس کے برعکس ہے)پیر منیر نیازی مستقبل میں جھانکتے ہوئے کہتے ہیں۔۔منیر اس ملک پر آسیب کا سایہ ہے یا کیا ہے۔۔کہ حرکت تیز تر ہے اور سفر آہستہ آہستہ۔۔اس ’’آسیب‘‘ کو غسل دو ورنہ آنسوئوں کا سیلاب سب کچھ بہا کرلے جائے گا۔ مدتوں سے میرا فیورٹ جملہ ہے کہ ’’اس نظام کو تیزاب سے غسل دو ، ورنہ اس کی بدبو سے عوام کے دماغ پھٹ جائیں گے اور خلق خدا کے دماغوں کا پھٹنا، ایٹمی ہتھیاروں کے پھٹنے سے کم نہیں ہوتا اور اس سے کم پہ یہ ملک اس خونخوار دلدل سے باہر نہیں نکل سکتا لیکن ہم وہ بدنصیب ہیں جو بروقت ری ایکٹ نہیں کرتے ۔آبادی کا بڑھائو ہو یا ننگی سرعام کرپشن کا چڑھائو…ہم اجتماعی طور پر اتنے بے حس ہیں کہ جب تک مرض لا علاج نہیں ہو جاتا ہم سرجری کا سوچتے ہی نہیں سو اب سرجری نہیں سیریز آف سرجریز کی ضرورت ہے ۔قارئین ! معذرت خواہ ہوں کہ اپنے حکمرانوں کی طرح بہک اور بھٹک گیا لیکن اللہ کا شکر ہے فوراً واپس آکر واپس اپنے کالم ’’نحوست نامہ‘‘ کی طرف آ رہا ہوں ۔ہائے ….یہ کیسی جادونگری ہے جس میں سب کچھ ہے اور کچھ بھی نہیں ہے ۔قارئین ! یہ ’’نحوست نامہ‘‘ یہیں تک پہنچا تھا کہ اخباروں کا تھبہ بھی پہنچ گیا۔’’بریک‘‘ لینے کیلئے کالم ادھورا چھوڑ کر اخبار اٹھایا تو اوپر نیچے پے درپے مندرجہ ذیل ’’ایمان افروز‘‘ خبریں دکھائی دیں جنہوں نے ’’سماں‘‘ باندھ کر ’’رقت‘‘ طاری کر دی ….آپ بھی ’’انجوائے ‘‘ کریں کہ ’’یہ وطن ہمارا ہے ہم ہیں پاسباں اس کے‘‘نمبر 1۔’’بلدیہ عظمی۔اربوں روپے کی 481کنال اراضی پر 22سال سے قبضہ‘‘ 102جائیدادوں پر قابضین کی تفصیلات سیکرٹری بلدیات کو بھجوا دی گئیں۔نمبر 2۔نولکھا سے 805 کلو جعلی شہد برآمد۔نمبر 3۔دو خواتین اورلڑکے سے غلط کاری ‘‘ ملزم آصف نے عبدالفغار کی بہن کو مسجد کے بیت الخلامیں نشانہ بنا ڈالا ۔نمبر4۔قصور ۔چائے کیفے ممنوعہ اشیاء کی فروخت کے اڈے بن گئے ۔ نمبر 5۔جنا ح ہسپتال لاہور میں نرسوں، لیڈی ڈاکٹرز کی نامناسب ویڈیوز بنانے والا ڈاکٹر گرفتار ، ملزم مشروب پلا کر ویڈیوز بناتا۔متاثرہ خواتین کی 50ویڈیوز برآمد (اس مکروہ باریش ڈاکٹروں کی حوالات میں تصویر بھی شائع ہوئی ہے جس کا نام عبداللہ ہے)نوٹ :ایسے تو پرچون کا کھوکھا نہیں چلتا جیسے ’’ہم‘‘ یہ ملک چلا رہے ہیں۔