ایک معلوماتی رپورٹ

کراچی (ویب ڈیسک) سکھر سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے ممتاز ڈیٹا سائنٹسٹ، فل برائٹ اسکالر اور ڈجیٹل علوم کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر ذیشان الحسن عثمانی نے انٹرنیٹ سے کمانے کے 18 طریقوں پر اپنی نوعیت کی منفرد اور اولین کتاب تحریر کردی۔ یہ طبع کتاب خاص پاکستانی تناظر میں لکھی گئی ہے اور اس میں انٹرنیٹ

سے آمدنی کے 18 ایسے طریقوں کے متعلق قدم بہ قدم رہنما ہدایات دی گئی ہیں کہ ایک نو آموز بھی ان میں سے ایک یا ایک سے زائد طریقوں کو اختیار کرکے اپنی آمدنی میں اضافہ کرسکتا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ خود صاحبِ تصنیف ان میں سے 12 طریقوں کا تجربہ رکھتے ہیں جن کا نچوڑ اس کتاب میں بامحاورہ اردو زبان میں بیان کیا گیا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پوری دنیا میں آن لائن اور فری لانس مارکیٹ میں سال 2020ء میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ اس کتاب میں مصنف تحریر کرتے ہیں کہ صرف 2019ء میں امریکی فری لانسرز نے مجموعی طور پر 10 کھرب ڈالر کمائے تھے، سال 2030ء تک دنیا کی 80 فیصدافرادی قوت آن لائن ہوجائے گی کیونکہ ڈجیٹل اکانومی برق رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے۔ 280 صفحات کی اس کتاب میں انہوں نے انٹرنیٹ سے پیسہ کمانے کے جو طریقے بیان کیے ہیں ان میں بلاگنگ، یوٹیوب چینل، پوڈ کاسٹ، فری لانس رائٹنگ، ٹرانسکرپشن، اسٹاک فوٹو گرافی، ای کامرس اور ڈراپ شپنگ، چھوٹے آن لائن کام، آن لائن ورچول اسسٹنٹ، ریموٹ جابز، فاریکس ٹریڈنگ، آن لائن ترجمہ، فری لانس ویب ڈویلپمنٹ، ڈجیٹل مارکیٹنگ اسپیشلسٹ، آن لائن کننسلٹنٹ، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور ویب سائٹ کی خریدوفروخت جیسے ہنر شامل ہیں۔

Sharing is caring!

Comments are closed.