باجوہ ڈاکٹرائن کی شاندار کامیابی ۔۔۔۔

لاہور (ویب ڈیسک) نامور کالم نگار محمد اکرم چوہدری اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔ مسلسل بہتر کارکردگی کے بعد افواجِ پاکستان دنیا کی دس بہترین افواج میں شامل ہو گئی ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور فوج کا ہر جوان اس کامیابی پر مبارکباد کا مستحق یے۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بڑے بڑے دعوے کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ وہ بڑی بڑی باتوں کے بجائے مختصر اور جامع گفتگو کرنے کے عادی ہیں۔ ان کی باجوہ ڈاکٹرائن پر خاصی تنقید ہوتی رہی ہے لیکن آج دنیا ان کی صلاحیتوں اور کامیابیوں کا اعتراف کر رہی ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں ردالفساد نے بدامنوں کی کمر بھی توڑی ہے۔ ملک میں بدامنی پھیلانے، امن و امان کے دشمنوں اور بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر کام کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا ہے۔ رد الفساد کی بدولت آج ملک میں امن و امان کے حالات مثالی ہیں۔ بیرونی دنیا کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ غیر ملکی ٹیمیں یہاں آ کر کھیل رہی ہیں اور پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک مرتبہ پھر تیزی سے ایک پرامن ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔ دنیا کی دس بہترین افواج میں شامل ہونا ہر پاکستانی کے لیے باعث فخر ہے۔ افواجِ پاکستان نے یہ اعزاز مسلسل محنت، پیشہ وارانہ مہارت، خطرات کا مقابلہ کرنے کی اہلیت، اہداف کو حاصل کرنے کی صلاحیت، بہترین کارکردگی اور میرٹ کی بنیاد پر حاصل کیا ہے۔ دنیا کی دس بہترین افواج میں شمولیت معمولی بات نہیں ہے۔ پاکستان نے یہ اعزاز ایک ایسے وقت میں حاصل کیا ہے جب ملک کو اندرونی و بیرونی طور پر بے پناہ مسائل کا سامنا ہے۔ پاکستان کے ہر طرف دشمن بیٹھے ہیں۔ سرحدوں پر مسائل ہیں، نئے عالمی بلاک بن رہے، طاقت کا توازن بدلتا دکھائی دیتا ہے، دہائیوں سے قائم سفارتی تعلقات بدل رہے ہیں، ملک کو معاشی طور پر مسائل کا سامنا ہے، کرونا وائرس کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہوا ہے لیکن بہترین صلاحیتوں کی حامل پاکستانی فوج نے اس مشکل وقت کے دوران بھی شاندار کارکردگی کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.