بالآخر اصل حقائق سامنے آگئے

لاہور (ویب ڈیسک) مجھے افسوس اس بات پر ہو رہا ہے کہ بختاور بھٹو کی منگنی اور شادی کی خبروں میں خوشی کا پہلو تلاش کرنے کی بجائے کچھ لوگ، کچھ حلقے اپنی گندی سوچ کا عکس شامل کر رہے ہیں۔ سنی سنائی، من گھڑت اور جھوٹی اطلاعات کو عام کر رہے ہیں،

نامور کالم نگار نسیم شاہد اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔حتیٰ کہ معاملہ اتنا بڑھا دیا ہے کہ آصف علی زرداری اور بھٹو فیملی کو خود کئی باتوں کی وضاحت کرنا پڑی ہے۔ آپ اگر گوگل پر جائیں اور کوئی نام لکھیں تو وہ سینکڑوں لوگوں کی پروفائل کھول دیتا ہے۔ ایک بار مَیں نے اپنا نام لکھا تو کم از کم ڈیڑھ سو نسیم شاہد نکل آئے۔ بد قسمتی سے بختاور بھٹو کی شادی کے معاملے میں بھی یہی کچھ ہوا۔ ان کی منگنی کا کارڈ منظرِ عام پر آیا تو میڈیا کے متجسس لوگوں نے گوگل پر ان کے ہونے والے سسر یونس چودھری کا پتہ معلوم کرنا شروع کر دیا۔بلا تحقیق کے یہ کہہ دیا گیا کہ یونس چودھری امریکہ میں مقیم ہیں اور تیل و سونے کا کاروبار کرتے ہیں۔بات یہیں تک نہیں رکی،بلکہ اس یونس چودھری کو ڈھونڈ نکالا،جو قادیانی ہے اور اس حوالے سے خاصی معروف شخصیت ہے۔ بس پھر کیا تھا، بے سوچے سمجھے اس بات کو عام کر دیا گیا، یہ بھی نہ سوچا کہ آصف علی زرداری جیسا جہاندیدہ شخص اپنی بیٹی کا رشتہ کسی قادیانی خاندان میں کیسے کر سکتا ہے؟ اس شرانگیز غلط فہمی کو دور کرنے کے لئے آصف علی زرداری کو خود سامنے آنا پڑا۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کر کے ساری صورتِ حال واضح کی اور بتایا کہ محمد یونس چودھری ایک راسخ العقیدہ سنی مسلمان ہیں، جن کا حوالہ دیا جا رہا ہے، وہ کوئی اور یونس چودھری ہیں، پھر یہ حقیقت بھی سامنے آ گئی کہ جس یونس چودھری قادیانی کا حوالہ دیا جا رہا ہے، اس کا تو محمود چودھری نام کا کوئی بیٹا ہی نہیں ہے،جس کی نسبت بختاور سے طے کی جا رہی ہے۔اس صورتِ حال نے آصف علی زرداری، بلاول بھٹو، بختاور بھٹو، آصفہ بھٹو سمیت ان کے خاندان کو کس ذہنی اذیت سے دو چار کیا ہو گا؟ ہر صاحبِ دل اس کا اندازہ کر سکتا ہے۔ خود محمد یونس چودھری کی فیملی کس پریشانی سے گزری ہو گی؟ اسے بھی ہر صاحب کردار مسلمان بخوبی سمجھ سکتا ہے۔ ہر بیٹی کی طرح ہمیں بختاور بھٹو کے لئے بھی بلندیئ بخت کی دعا کرنی چاہئے، بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں، یہ خوبصورت بات اگر ہم پلے باندھ لیں تو اس سے بہت سی برائیاں ہمارے سماج کا پیچھا چھوڑ سکتی ہیں۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *