بھارت کی مشہور شخصیت لالو پرساد کے بیٹے نے ایک ائیر ہوسٹس کے ساتھ شادی کر لی ۔۔۔۔۔

ممبئی (ویب ڈیسک) انڈین ریاست بہار کے سابق وزیر اعلی لالو پرساد یادو کے بیٹے اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے شادی کر لی۔ ان کی بہن روہنی آچاریہ نے تصویر کے ساتھ ٹوئٹر پر یہ معلومات شیئر کی ہیں۔تیجسوی یادو کی شادی ریچل سے ہوئی ہے۔

یہ ہائی پروفائل شادی دہلی میں ہوئی۔ لیکن میڈیا کو اس شادی کی تقریب سے دور رکھا گیا۔کچھ دنوں سے میڈیا میں تیجسوی کی شادی اور ان کی ہونے والی دلہن سرخیوں میں تھے۔ لالو کی بیٹی روہنی نے اس بارے میں ایک ٹویٹ کیا تھا۔ اس میں انھوں نے لکھا تھا کہ ‘بھائی کے سر پر سہرا ہے، گھر کا آنگن خوشیوں سے بھرنے والا ہے’۔شادی کے دن ٹویٹ میں انھیں مبارکباد دیتے ہوئے روہنی نے تیجسوی کی دلہن کا نام ریچل لکھا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان کی بیوی کا تعلق مسیحی خاندان سے ہے اور تیجسوی یادو کے ساتھ گزشتہ کئی سالوں سے ان کی دوستی ہے۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ وہ ایک ایئر ہوسٹس تھیں۔تیجسوی یادو اپنی سات بہنوں اور دو بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں۔ ان کے والد لالو پرساد یادو اور والدہ رابڑی دیوی دونوں بہار کے وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں۔بھائیوں میں چھوٹے ہونے کے باوجود والد لالو یادو نے اپنی پارٹی آر جے ڈی کی قیادت کی ذمہ داری انکے کندھوں پر ڈال دی ہے۔ تیجسوی اپنے والد کے جیل میں رہنے اور بیمار ہونے کے بعد پچھلے تین چار سالوں سے پارٹی کو سنبھال رہے ہیں۔تاہم اس درمیان ان کے بڑے بھائی تیج پرتاپ یادو کے ساتھ اختلافات کی خبریں بھی سرخیوں میں رہی ہیں۔دعویٰ کیا جاتا ہے کہ تیج پرتاپ پارٹی میں اہمیت نہ ہونے کی وجہ سے ناراض ہیں۔ لیکن تیج پرتاپ یادو سمیت پورے خاندان نے اس شادی میں شرکت کی۔تیجسوی یادو کی شادی دہلی کے ایک سینک فارم میں ہوئی ہے۔

تیج پرتاپ یادو نے آئی سپورٹ تیجس کی ایک ٹویٹ کو ریٹویٹ کیا جس میں لکھا ‘جوڑی سلامت رہے’۔اس میں نظر آنے والی تصاویر کے مطابق اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اور ان کی اہلیہ ڈمپل یادو نے شادی میں شرکت کی ہے۔تیجسوی اس وقت بہار قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھی ہیں۔ وہ راگھوپور سے ایم ایل اے ہیں اور تقریباً ڈیڑھ سال بہار کے نائب وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں۔تیجسوی سیاست میں آنے سے پہلے کرکٹ کی دنیا میں تھے۔ وہ آئی پی ایل میں دہلی کی ٹیم میں بھی رہ چکے ہیں۔ حالانکہ وہ آئی پی ایل میں ایک میچ بھی نہیں کھیل پائے تھے۔ان کی قیادت میں آر جے ڈی نے گزشتہ سال کے اسمبلی انتخابات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہیں لالو یادو کا سیاسی وارث تصور کیا جاتا ہے۔تیجسوی سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتے ہیں اور کیی حساس موضوعات پر کھل کر اپنی رایے کا اظہار کرتے ہیں۔

Comments are closed.