ترجمان پاک فوج نے پی ڈی ایم اور شریف خاندان کو چیلنج کر دیا

راولپنڈی(ویب ڈیسک)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل افتخار بابر نے کہا ہے کہ پاک فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی کسی سے بیک ڈور رابطے ہیں ،اگر کسی کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں ‘اس طرح بغیر تحقیق کے پاک فوج کو سیاست

میں نہ گھسیٹیں‘ہمارے لئے ملک کا تحفظ بڑا فریضہ ہے جو سرانجام دے رہے ہیں‘فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز سب سے زیادہ ویکسین کے حقدار ہیں‘ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی جانب سے پاک فوج کو عطیہ کی گئی انسداد کورونا ویکسین فرنٹ لائن ورکرز کیلئے قومی ویکسین مہم کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وہ پیر کو میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پی ڈی ایم سے رابطوں کی کچھ چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں، پی ڈی ایم کے حوالے سے قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کے سامنے ایک ڈوزیئر رکھا، بھارت دنیا بھر میں بے نقاب ہوچکا، ڈس انفولیب سے متعلق متعدد انکشافات سامنے آئے، بھارت نے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، بھارت کا خطے میں منفی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی سد پارہ قومی ہیرو اور اثاثہ ہیں، ہماری دعا ہے علی سدپارہ خیریت سے ہوں، کوہ پیماوں کی تلاش کیلئے تگ ودو کی جا رہی ہے‘ کوہ پیماؤں کی تلاش کیلئے تمام تر کوششیں کر رہے ہیں، سرچ مشن میں کوئی کمی نہیں ہوگی، خراب موسم کے باوجود مسلسل سرچ کا کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا سے پوری دنیا متاثر ہوئی، پاکستان نے وبا کا بہادری سے مقابلہ کیا‘ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز سب سے زیادہ ویکسین کے حقدار ہیں۔انہوں نے پیپلز لبریشن آرمی کی جانب سے پاکستان کی افواج کے لئے ویکسین عطیہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے یہ ویکسین فرنٹ لائن ورکرز کے لئے قومی ویکسین مہم کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *