جمشید اقبال چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد اب صورتحال کیا ہے ؟

لاہور (ویب ڈیسک) حلقہ این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور ان کی متبادل امیدوار مسرت اقبال چیمہ جو کہ جمشید اقبال چیمہ کی اہلیہ ہیں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے سے دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور اس پیشرفت کے نتیجہ میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار

شائستہ پرویز ملک کی کامیابی بڑی حد تک یقینی ہو گئی ہے تاہم یہ الیکشن شیڈول کے مطابق 5 دسمبر کو ہوگا۔ دونوں کے کاغذات نامزدگی اس بنیاد پر مسترد کئے ہیں کہ دونوں کے تجویز کنندگان کا تعلق حلقہ 133سے نہیں تھا اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ دونوں تجویز کنندگان کا تعلق قومی اسمبلی کے حلقہ 130 سے تھا۔ تجزیہ کاروں نے الیکشن کمشن کے ذرائع کے حوالہ سے بتایا ہے کہ دونوں امیدوار ریٹرننگ افسر کے فیصلہ کیخلاف الیکشن کمشن میں اپیل کریں گے لیکن ان کی اپیل کی کامیابی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ ماضی میں اعلیٰ عدالتوں اور الیکشن کمشن کے فیصلے موجود ہیں کہ کاغذات نامزدگی میں قانونی سقم آنے کے بعد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے اور انہیں اپیلوں میں کوئی ریلیف نہیں ملا۔ اب اس حلقہ میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی کالعدم تحریک لبیک پاکستان اور 10 آزاد امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے موقف اختیار کیا ہے کہ تحریک انصاف کے امیدوار یا تو قانون اور آئین سے نابلد ہیں یا انہوں نے متوقع شکست سے بچنے کیلئے جان بوجھ کر اپنے کاغذات نامزدگی میں ایسا قانونی سقم چھوڑا ہے اور یہ بھی ممکن ہے کہ انہوں نے الیکشن کمیشن پر ملبہ ڈالنے کیلئے یہ ڈرامہ رچایا ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و حلقہ این اے 133سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خانمشکل ترین حالات میں وژن رکھنے والے لیڈر کے طور پر سامنے آئے ہیں اور سیاسی مخالفین کی ساری خواہشیں ان کے سینے میں ہی دم توڑ گئی ہیں،مسلم لیگ(ن) حوصلہ رکھے این اے 133کامیدان خالی نہیں چھوڑیں گے بلکہ ان سے بھرپور مقابلہ ہوگا ۔انہوںنے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ انتخابی مہم زور و شور سے جاری رکھیں ، انشااللہ ہمیں انصاف ملے گا او ر این اے 133میں مسلم لیگ(ن)کو واضح اکثریت سے شکست دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف مافیاز اوران کے پھیلائے ہوئے نظام کو شکست دینے کیلئے پر عزم ہے اور انشا اللہ اس میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے نا مساعد معاشی حالات کے باوجود جس طرح حوصلہ اور عزم دکھایا پوری دنیا ان کے اقدامات کی معترف ہے لیکن صرف ایک اپوزیشن ہے جو میں نہ مانوں کی رٹ لگائے ہوئے ہے لیکن ہمیں ان سے کسی سر ٹیفکیٹ لینے کی ہرگز ضرورت نہیں۔