“جی میں حاجی عالم لوہار ہوں ۔۔۔۔۔” ایک حیران کن واقعہ

لاہور (ویب ڈیسک) نامور کالم نگار خاور نعیم ہاشمی اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔ کچھ عرصہ پہلے میں نے فوک سنگر عالم لوہار کے بارے میں کئی واقعات لکھے تھے،آج کے کالم میں کرایہ کے مکان کا ایک واقعہ جو عالم لوہار کو پیش آیا تھا۔۔ عالم لوہار اپنے تھیٹر میں کام

کرنے والی ڈھیر ساری خواتین اور بیگمات کے ہمراہ موڑ سمن آباد پر اپنی نامکمل رہ جانے والی فلم ’’مٹی دا باوا، کے ڈائریکٹر زرتاش کے بوسیدہ سے گھر میں رہائش پذیر تھے، زرتاش ایک بزعم خود دانشور تھا ، اگر اس زمانے میں آج کا الیکٹرانک میڈیا ہوتا تو وہ بہت سارے موجودہ اینکرز سے زیادہ پاپولر ہوتا، ستر کی دہائی میں سب سے آسان کام تھا، اپنا ذاتی اخبار نکال لینا۔ سو زرتاش نے ڈیکلریشن اپلائی کرکے عالم لوہار کے گھر کے باہر اخبار کا بورڈ بھی آویزاں کر رکھا تھا، جہاں وہ میٹرک پاس لڑکیوں کو صحافی بنانے کیلئے ان کے انٹرویوز کیا کرتا تھا، یہ مشورہ اسے نہ جانے کس نے دیا تھا کہ ایک روزنامہ نکالا جائے جو صرف خواتین پڑھیں، اور جو اسٹاف رکھا جائے وہ بھی تمام کا تمام عورتوں پر مشتمل ہو، اس کا خیال تھا کہ میں اس سارے پروجیکٹ میں اس کے ساتھ رہوں گا،لیکن میں اس سے زیادہ پکی گولیاں کھیلا ہوا تھا، عالم لوہار صاحب سے زرتاش کے پاس خواتین کی فراوانی کے ساتھ روزانہ آمد و رفت شاید برداشت نہ ہو سکی اور انہوں نے مجھے کہنا شروع کر دیا کہ تم میرے لئے کرائے کا کوئی نیا گھرڈھونڈو ، عالم لوہار کے پاس پیسہ تو بہت تھا ، لیکن ان کاروزگار بنجاروں والا تھا، شاید اسی لئے اپنا ذاتی گھر بنانے کا خیال ان کے دماغ میں نہ آیا ہوگا، وہ پورے پنجاب میں ہونے والے میلوں میں اپنا تھیٹر لگاتے تھے، اور تھیٹر بھی عنایت حسین بھٹی کے تھیٹر کے سامنے،، اور دونوں میں گائیکی کا مقابلہ چلتا تھا ساری ساری رات۔۔

اس زمانے میں ہزاروں کی کما ئی تھی ، نہ کوئی ٹیکس نہ کوئی پوچھ گچھ اور نہ کوئی اور جھمیلا۔سرکس اور تھیٹروں کی کمائی بستر کے گدوں کے نیچے یا گھڑوں میں چھپائی جاتی تھی۔۔ ایک دن سمن آباد میں پیدل جاتے ہوئے، رسول پارک کے قریب ایک مکان کے باہر ’’کرایہ کے لئے خالی ہے‘‘ کا بورڈ دیکھ کر میں رک گیا،، پتہ چلا کہ اس کا مالک ساتھ والے گھر میں رہتا ہے۔۔۔ دروازے پر دستک دی تو ایک صاحب باہر تشریف لائے، علیک سلیک کے بعد انہوں نے بتایا کہ چار کمروں کے اس گھر کا کرایہ سو روپے ماہانہ ہے، اس زمانے میں اتنی گنجائش کا اچھا گھر ساٹھ ، ستر روپے پر بھی مل جاتا تھا ، میں اوکے کرکے واپس چلا گیا عالم لوہار کے پاس۔ ۔۔۔۔عالم لوہار میرے ساتھ تھے جب میں نے دوبارہ دروازہ کھٹکھٹایا مالک مکان کا ، پھر وہی صاحب باہر تشریف لائے، ہم دونوں کو سر تا پاؤں بغور دیکھا اور پھر سوالیہ انداز میں کہنے لگے ’’’جی، فرمائیے‘‘میں نے کہا ’’ جی ابھی ابھی میں کرائے کے مکان کا پوچھ کر گیا تھا‘‘ ’’ مکان تو چڑھ گیا ہے‘‘میں حیرت سے بولا ’’ جناب ابھی پندرہ بیس منٹ پہلے آپ سے مل کر گیا ہوں‘‘اب عالم لوہار بولے،،، ’’حاجی محمد عالم لوہار‘ تسیں مینوں پچھانیاں؟ ’’ جی نئیں،، مالک مکان نے جواب دیا۔۔۔۔۔عالم لوہار نے سوال کیا ’’ تسیں ،ریڈ یو سندے او ‘‘ ’’ نہیں ‘‘عالم لوہار نے ملکہ برطانیہ کے بلاوے کی داستان چھیڑ دی،، لوہار کی کہانی جاری تھی کہ مالک مکان مجھے ان سے دور لے گیا ’’’ بھائی جی میری جوان بیٹیاں ہیں ، یہ آگئے تو ساری ساری رات ڈھولک اور چمٹا بجے گا ، براہ کرم انہیں واپس لے جائیں ، میں آپ کو مکان کرائے پر نہیں دے سکتا‘‘‘آج عارف لوہار کو کہیں دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں ، کتنا کٹھن تھا اس کے باپ کا اس معاشرے میں جینا۔

Sharing is caring!

Comments are closed.