حق ثابت ، سچ ثابت :

زیارت (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع زیارت میں ٹریکٹر چوری کا الزام لگنے پر دو افراد کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے خالی پاؤں دہکتے انگاروں پر چلنا پڑ گیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو نوجوان کئی فٹ لمبے گڑھے میں دہکتے کوئلوں پر بغیر جوتے پہنے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک چل کر گئے۔

دوسرے کنارے پر پہنچنے پر ان کے پاؤں دیکھے گئے جن پر نہ تو جلنے کے نشانات تھے اور نہ ہی چھالے بنے ہوئے تھے۔ اس پر فیصلہ سنایا گیا کہ دونوں نوجوان بے قصور ہیں جس پر موقع پر موجود لوگوں نے جشن منایا اور انہیں ہار پہنائے۔واقعے کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر سنجاوی حسن انور نے بتایا کہ واقعہ سنجاوی کے علاقے سرہ خیزی میں پانچ روز قبل پیش آیا تھا۔ انتظامیہ نے اس کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دہکتے کوئلوں پر چل کر بے گناہی ثابت کرنے کا فیصلہ فریقین نے باہم رضا مندی سے کیا تھا۔