سنیتھا رچی کا معاملہ : اسلام آباد کی عدالت نے اہم فیصلہ کردیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی عدالت نے امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ایڈیشنل سیشن جج محمد جہانگیر اعوان نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کیا۔اس سے قبل سنتھیا ڈی رچی کے وکیل ناصر عظیم خان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت سے ایف آئی اے، پی ٹی اے اور سنتھیا رچی کے وکیل کی جانب سے مقدمہ اندراج کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی گئی۔درخواست گزار کے وکیل نے اس موقع پر مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کہا ہے کہ صرف متاثرہ شخص ہی درخواست دے سکتا ہے۔سنتھیا رچی کے وکیل ناصر عظیم خان ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سنتھیا ڈی رچی کا بے نظیر بھٹو سے متعلق عدالت میں پیش کیا گیا ٹویٹ اوریجنل نہیں، جعلی ہے۔انہوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اگر ٹویٹ کو درست بھی مان لیا جائے تو یہ سائبر کرائم نہیں بدنام کرنے پر ہتکِ عزت کا مقدمہ بنتا ہے۔سنتھیا رچی کے وکیل ناصر عظیم خان نے مزید کہا کہ مقدمے کے اندراج کا فورم درست نہیں، ہرجانے کا دعوی دائر کرنا چاہیے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے صرف انسدادِ الیکٹرانک کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کی پابند ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج سامنے ہو تب بھی صرف پی ٹی اے کی شکایت پر کارروائی کے پابند ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایف آئی اے قانون کے مطابق صرف متعلقہ شکایت کنندہ کی درخواست پر ہی کارروائی کی پابند ہے۔پی ٹی اے کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی اے کے پاس متنازع ویب سائٹ کو بلاک کرنے یا اسے ہٹانے کے اختیارات ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقدمے کے اندراج کی درخواست سے ہمارا کوئی تعلق نہیں بنتا، ہمیں کیوں فریق بنایا گیا ہے؟انہوں نے یہ بھی کہا کہ سنتھیا ڈی رچی نے پاکستان کا امیج بہتر بنانے میں 11 سال لگائے اور بلاگز لکھے، جبکہ پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کے ذریعے اب انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں کہ مقدمے کے اندراج کی درخواست میں ملزم کو نہیں سنا جا سکتا۔عدالت نے سنتھیا ڈی رچی کےخلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، یہ محفوظ فیصلہ 15 جون کو سنایا جائے گا۔گزشتہ سماعت پر اسلام آباد کی عدالت نے امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر پولیس کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ نوٹس جاری کر کے 12 جون کو (آج) جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

Sharing is caring!

Comments are closed.