سپریم کورٹ: کٹاس راج مندر کے حوالے سے نیا حکم جاری

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے کٹاس راج مندر کمپلیکس کا انتظام پنجاب حکومت سے متروکہ وقف املاک بورڈ کو دینے کا حکم دیدیا ہے۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں اقلیتوں کے حقوق سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فیصل چوہدری سے استفسار کیا کہ ملتان پرلاب مندر کی سیکیورٹی کے اقدامات کے متعلق کیا پیش رفت ہوئی؟ اس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ پرلاب مندر میں ہولی 26 مارچ کو منانے کا کہا گیا اور 26 مارچ کو اپوزیشن نے لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، سیاسی ماحول کی وجہ سے تحفظ کی فراہمی میں مسائل ہو سکتے ہیں۔کیس کی سماعت کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب کی عدم پیشی پر سپریم کورٹ نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ چیف سیکرٹری نہ خود آئے اور نہ عدالتی حکم پر عمل ہوا۔چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ پرلاب مندر کے حوالے سے خط لکھ کر کونسا تیر مارا ہے؟ خط و کتابت کرنا سیکرٹری کا نہیں، کلرک کا کام ہے، سیکرٹری کا کام احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوتا ہے، اب 100 سال پرانا زمانہ نہیں کہ خط لکھ کر بیٹھے رہیں۔سپریم کورٹ نے پرلاب مندر کی بحالی اور حفاظت کے احکامات پر 2 ہفتے میں عملدرآمد رپورٹ مانگ لی اور کٹاس راج مندر کمپلیکس کا انتظام پنجاب حکومت سے متروکہ وقف املاک بورڈ کو دینے کا بھی حکم دیدیا۔عدالت نے کہا کہ وفاقی حکومت کٹاس راج مندر کا انتظام پنجاب حکومت سے متروکہ وقف املاک بورڈ کے حوالے کرے اور حکومت اس کام کو 2 ہفتوں میں یقینی بنائے۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *