سینیٹر نزہت صادق کے گھر کا صفایا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)تھانہ شالیمار کے پوش علاقہ ایف ٹین ون کی گلی نمبر 34 میں رہائش پذیر پاکستان مسلم لیگ ن کی سینیٹر نزہت صادق کے بنگلے پر لوٹ مار کی واردات کے دوران ہتھیار لیس لٹیرے گھر پر موجود خاتون سینیٹر کے خاوند اور ملازمین کو یرغمال بناکر لاکھوں روپے مالیتی طلائی زیورات، ملکی و غیر ملکی

کرنسی و دیگر اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے،وقوعہ کے وقت خاتون سینیٹر لاہور گئی ہوئی تھیں۔واقعہ ہفتہ کے روز 20 نومبر 2021 دن تقریبا چار بجے مکان نمبر 213، گلی نمبر 34 سیکٹر ایف ٹین ون اسلام آباد میں پیش آیا ۔ ذرائع کے مطابق واردات کے وقت پانچ لٹیروں میں سے تین گھر میں داخل ہوئے جبکہ دو گھر کے باہر پہرا دیتے رہے۔واردات کے وقت گھر پر سینیٹر نزہت صادق کے خاوند عامر صادق اور ملازمین موجود تھے۔ ملزمان نے تمام افراد کو ایک کمرے میں بند کیا اور انتہائی اطمینان سے طلائی زیورات، ملکی و غیر ملکی کرنسی و دیگر اشیا سمیٹا اور گاڑی میں فرار ہوگئے۔ واردات کے وقت خاتون سینیٹر اور اس کا بیٹا دونوں ہی گھر پر موجود نہ تھے۔ واقعہ کی اطلاع پر سینیئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے تاہم رات گئے تک ملزمان کی گرفتاری میں پولیس کو کوئی کامیابی نہ ہوسکی۔

Comments are closed.