شہزادی ڈیانا کس کے گھر میں آیا کے طور پر کام کرتی رہیں ؟

لندن(ویب ڈیسک) لیڈی ڈیانا کے نام سے آج کون واقف نہیں ہے۔ لوگ اسے شہزادی ڈیانا کے نام سے بھی جانتے ہیں مگر آپ کو یہ سن کر سخت حیرت ہو گی کہ برطانوی شاہی خاندان کے ساتھ تعلق جڑنے سے قبل نوعمری میں شہزادی ڈیانا ایک امیر خاتون کے ہاں ’آیا‘ کی ملازمت بھی کرتی رہی تھی۔

میل آن لائن کے مطابق یہ امریکی کاروباری خاتون میری رابرٹسن تھی جس نے 1980ءمیں شہزادی ڈیانا کو اپنے بیٹے پیٹرک کی آیا کے طور پر ملازمت پر رکھا۔اس وقت میری رابرٹس لندن میں مقیم تھی۔ میری رابرٹسن نے گزشتہ دنوں اپنے ایک انٹرویو میں شہزادی ڈیانا کے متعلق بتایا ہے کہ ”جب میں نے اسے اپنے بچے کی آیا کی ملازمت دی تو وہ ایک شرمیلی سی 18سال کی لڑکی تھی، جسے دنیا کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔ بعد میں اسی شرمیلی سی لڑکی نے اپنی پرکشش شخصیت، حساسیت اور ہر کسی کی دیکھ بھال کرنے کی خو کے سبب ہر کسی کے دل میں گھر کر لیا۔سی این این پر نشر ہونے والی ایک ڈاکیومنٹری میں بات کرتے ہوئے میری رابرٹسن نے بتایا کہ اگرچہ ڈیانا بالکل کھلنڈری طبیعت کی نوعمر لڑکی تھی لیکن میرے بیٹے کے ساتھ اس نے بہت بہترین سلوک روا رکھا۔ وہ ہفتے میں تین دن میرے بیٹے کی آیا کے طور پر کام کرتی تھی اور باقی دو دن ایک نرسری سکول میں بطور ٹیچر ملازمت کرتی تھی۔ شہزادہ چارلس کے ساتھ شادی تک وہ سکول میں پڑھاتی رہی۔