شہزاد رائے کے موقف نے پاکستانیوں کو دنگ کر ڈالا

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے غلط کاری کیسز میں ملوث ملزمان کو سرِعام سزا دینے کی مخالفت کردی ہے۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے شہزاد رائے نے لکھا کہ ’میں نے بچوں کو اس شرمناک ظلم سے بچانے کے لیے بہت کام کیا ہے

اور میں چاہتا ہوں کہ عورتوں اورچھوٹے بچوں کے ساتھ غلط کاری کرنے والے درندوں کو قانون کی پوری طاقت سے سزا دی جائے۔‘شہزاد رائے نے سرِعام سزا کی مخالفت کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں ایسے کیسز میں ملوث ملزمان کو عوامی طور پر سرِعام سزا دینے کے خلاف ہوں۔‘اُنہوں نے عوام سے سوال کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا آپ چاہتے ہیں کہ ہمارے چھوٹے بچے چوکوں، چوراہوں، سڑکوں اور بازاروں میں یہ سب ہوتا دیکھیں ۔ گلوکار نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ’جو لوگ مجرمان کو سرِعام سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں اُن کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ یہ مزید مسائل کو جنم دے گا اور اِس پر ہمارے پاس بہت سی تحقیقاتی رپورٹس بھی موجود ہیں۔‘واضح رہے کہ اِس سے قبل وسیم اکرم کی اہلیہ و سماجی کارکن شنیرا اکرم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ ایسے کیسز کے واقعات میں ملوث ملزمان کو سرِعام سزا دینا اِن سنگین مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کا راستہ نہیں ہے۔شنیرا کا کہنا تھا کہ اگر ہم اپنے ملک میں ایک محفوظ اور مہذب معاشرہ چاہتے ہیں تو ہمیں اِس تاریکی دور سے نکلنا ہوگا اور اِس کے لیے ہمیں بحیثیت قوم ایک ہوکر سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ اِس وقت ہمیں اپنی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور بچوں کے بہتر تحفظ کا مطالبہ کرنے کی ضرورت ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.