عالمی سطح پر ایک دن میں کورونا کیسز اور اموات کا نیا اور ہوشربا ریکارڈ قائم ،

لندن (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں روزانہ بنیادوں پر کل اتوار کو ایک نیا ریکارڈ دیکھنے میں آیا۔ ایک دن میں عالمی سطح پر اس وائرس سے متاثرہ انسانوں کی تعداد میں تقریباﹰ تین لاکھ آٹھ ہزار کا اضافہ ہوا۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق

ہفتے سے لے کر اتوار تک کے 24 گھنٹوں میں مختلف ممالک میں کووڈ انیس کے مریضوں کی تعداد میں تین لاکھ سات ہزار نو سو تیس کا اضافہ ہوا۔ ان میں سے سب سے زیادہ نئے مریض بھارت میں رجسٹر کیے گئے، جس کے بعد دوسرے نمبر پر امریکا اور تیسرے نمبر پر برازیل رہا۔دریں اثناء عالمی وقت کے مطابق کل اتوار 13 ستمبر کی رات تک دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کی مجموعی تعداد نو لاکھ سترہ ہزار چار سو سترہ ہو چکی تھی۔ ان میں سے ساڑھے پانچ ہزار سے زائد انسان صرف کل ایک روز میں انتقال کر گئے۔عالمی دارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا وائرس کی تقریباﹰ ساڑھے چورانوے ہزار نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ اس کے بعد امریکا کا نمبر تھا، جہاں ساڑھے پینتالیس ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے جبکہ اس دوران برازیل میں بھی مزید تقریباﹰ چوالیس ہزار افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق کل 13 ستمبر کو بننے والے نئے عالمی ریکارڈ سے قبل کسی ایک دن میں بین الاقوامی سطح پر کورونا وائرس کی زیادہ سے زیادہ انفیکشنز کا ریکارڈ چھ ستمبر کو بنا تھا، اور تب یہ تعداد تقریباﹰ تین لاکھ سات ہزار رہی تھی۔جہاں تک انسانی اموات کا تعلق ہے، تو اب تک کسی ایک دن میں سب سے زیادہ اموات 17 اپریل کو ریکارڈ کی گئی تھیں، جن کی تعداد تقریباﹰ ساڑھے بارہ ہزار بنتی تھی۔بھارت، جو آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے، کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد کے لحاظ سے اس وقت دنیا بھر میں سب سے آگے ہے۔ بھارت میں اب تک اس وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد پونے پانچ ملین بنتی ہے۔ یوں اس وقت یہ جنوبی ایشیائی ملک عالمی سطح پر صرف امریکا سے پیچھے ہے، جہاں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ساڑھے چھ ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.