عمر شریف کی طبعیت اب کیسی ہے ؟

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکار، کامیڈین عمر شریف کو جرمنی کے اسپتال میں نمونیہ ہو گیا ہے اور ان کی آج ممکنہ طور پر امریکا روانگی مؤخر کیئے جانے کا خدشہ ہے، انہیں علاج کیلئے جرمن شہر نیورمبرگ کے اسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔امریکا میں ان کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب

نے بتایا کہ اسپتال میں عمر شریف کا علاج کرنے والی میڈیکل ٹیم نے عمر شریف کو مزید 2 دن تک زیرِ علاج رکھنے کا اشارہ دے دیا ہے۔ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کی طبیعت پہلے سے کافی بہتر ہے، ان کا بخار ختم ہو گیا ہے اور بلڈ پریشر بھی کنٹرول میں ہے، ان کے ٹیسٹ بھی کیئے گئے ہیں۔اسپتال کے ڈاکٹرز نے تفصیلی رپورٹس میں عمر شریف کو نمونیہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس کے بعد انہیں اینٹی بایوٹک دوا شروع کرا دی گئی ہے۔امریکی معالج اور معروف پاکستانی اداکارہ ریما کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق نیورمبرگ نارتھ اسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ عمر شریف مزید 2 دن تک زیرِ علاج رہ سکتے ہیں۔ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق نیورمبرگ نارتھ اسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم کی اجازت سے ہی عمر شریف کو امریکا کیلئے اگلا سفر کرایا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان سے امریکا کے لیے روانگی کے بعد پہلے اسٹاپ اوور نیورمبرگ جرمنی میں عمر شریف کو ہلکے بخار اور تھکاوٹ کی وجہ سے اسپتال میں ریسٹ کے لیے لے جایا گیا تھا، پھر اس دوران ایئر ایمبولینس میں معمولی نقص کی وجہ سے متبادل طیارے کا انتظار کیا جا رہا تھا۔ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق متبادل طیارہ فراہم کر دیا گیا تھا، ایئر ایمبولینس نے جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے اگلے سفر پر روانہ ہونا تھا مگر نئی صورتِ حال میں یہ سفر مؤخر ہوتا نظر آ رہا ہے۔عمر شریف کے اہلِ خانہ کے مطابق جرمنی کے نیورمبرگ اسپتال کے ڈاکٹروں کی اجازت سے ہی عمر شریف کو اگلا سفر کرایا جائے گا، اگلے سفر کی اجازت ملتی ہے تو نیورمبرگ سے روانگی کے بعد لگ بھگ ساڑھے 7 گھنٹے کے سفر کے بعد ایئر ایمبولینس آئس لینڈ کے کیفلاوک ایئر پورٹ پر اسٹاپ اوور کرے گی، طیارے کی ری فیولنگ ہو گی اور ممکنہ طور پر مریض کو ریسٹ کرایا جائے گا۔ایئر ایمبولینس کمپنی کے ذرائع کے مطابق کیفلاوک سے آن کال انٹرنیشنل کمپنی کے ہیڈ کوارٹر کینیڈا کیلئے روانگی کا فیصلہ عمر شریف کی صحت دیکھ کر کیا جائے گا۔کینیڈا کے گوس بے ایئر پورٹ پر بھی طیارے کا 2 گھنٹے کا اسٹاپ اوور شیڈول پر ہے، اگلے اور آخری مرحلے میں پرواز اپنی حتمی منزل واشنگٹن ایئر پورٹ پر لینڈ کرے گی۔ایئر ایمبولینس سے عمر شریف کو امریکا کے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

Comments are closed.