فواد چوہدری اور ڈاکٹر عامر لیاقت سمیت متعدد ایم این ایز کی رکنیت معطل

 اسلام آباد(ویب ڈیسک) تازہ ترین خبروں کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزیر فواد چوہدری، علی زیدی، عامر لیاقت اور خالد مقبول صدیقی سمیت 154 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ مالی گوشوارے جمع نہ کرانے کی پاداش میں الیکشن کمیشن نے 154 اراکین اسمبلی

کی رکنیت معطل کر دی ہے، جن اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے ان میں وفاقی وزرا فواد چوہدری، علی زیدی، خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹرعامر لیاقت حسین اور فہمیدہ مرزا بھی شامل ہیں، جب کہ 3 سینیٹرز مصدق ملک، کامران مائیکل اور شمیم آفریدی کی رکنیت بھی معطل کردی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 48،کے پی اسمبلی کے 26 اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے، جب کہ بلوچستان اسمبلی کے 6 ارکان کی رکنیت معطل کی ہے، اور ان میں سردار یار محمد رند اور اختر لانگو بھی شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے  فیصلے سے سنیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معطل ارکان ایوان کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکتے، اور گوشوارے جمع کروانے تک رکنیت معطل رہے گی۔

Comments are closed.