فیاض الحسن چوہان نے جئے بھٹو کا نعرہ لگا دیا ،

لاہور(ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے گورنر ہاؤس پنجاب میں جئے بھٹو کا نعرہ لگا دیا۔گورنر ہاؤس پنجاب میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کرکٹ میچ ہوا۔ کرکٹ ٹاکرے کے بیسٹ آف تھری میں حکومتی ٹیم شکست سے دو چار ہوگئی۔

پہلے دونوں میچوں میں بھی حکومتی ٹیم کو شکست ہوئی تھی۔ اس طرح اپوزیشن ٹیم نے بیسٹ آف تھری کرکٹ ٹاکرے کی سیریز اپنے نام کرلی۔پہلے میچ میں حکومتی ٹیم نے 97رنز بنائے جو اپوزیشن نے آسانی سے ہدف حاصل کر لیا۔ دوسرے میچ میں حکومتی ٹیم نے 86رنز بنائے اپوزیشن نے یہ ہدف بھی آسانی سے حاصل کر لیا۔اس موقع پر حکومتی ٹیم کے کپتان اور صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے خوش گوار ماحول میں جیے بھٹو کا نعرہ بھی لگایا۔ حسن مرتضی کے کہنے پر فیاض الحسن چوہان نے جیے بھٹو کا نعرہ لگایا۔کرکٹ ٹاکرے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے فیاض چوہان نے میچ کھیلنے پر پیپلز پارٹی کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ٹیم نے کرکٹ کی بحالی کے لئے اچھا کردار ادا کیا، اس موقع پر میرا بھی دل کر رہا ہے کہ ملک کے لئے پیپلز پارٹی کے اس جذبے کے پیش نظر جئے بھٹو کا نعرہ لگادوں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کو کرکٹ کھیلتے دیکھ کر خوشی ہوئی، سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر کرکٹ کھیلی گئی، اس سلسلے میں فیاض الحسن چوہان اور علی حیدر گیلانی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے امریکی قونصل جنرل کو یادگاری شیلڈ دی۔ یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے اپوزیشن اور حکمران جماعت کے درمیان کرکٹ میچ کی باتیں ہورہی تھیں َ (ن) لیگی رہنماؤں نے اس آفر کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک طرف انہیں چور قرار دیا جاتا ہے ، اہم معاملات پر کوئی صلاح مشورہ نہیں ہوتا تو پھر کرکٹ میچ کس منہ سے کھیلیں ۔

Comments are closed.