محبت شادی سے پہلے کرو یا بعد میں بس بیوی کو پتہ نہیں چلنا چاہیے ۔۔۔۔۔۔۔۔ سارے دن کا موڈ ہرا بھرا کردینے والی تحریر

لاہور (ویب ڈیسک) نامور کالم نگار علی عمران جونیئر اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔باباجی سے جب ہم نے پوچھا۔۔ محبت شادی سے پہلے کرنی چاہئے یا بعد میں؟ تو وہ کہتے ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ محبت شادی سے پہلے کی جائے یا بعد میں، بس بیوی کو پتہ نہیں چلنا چاہئے۔۔

ہمارے ایک دوست زن مرید ٹائپ شوہر ثابت ہوئے ہیں، ایک بار گھر پہنچے تو بیگم نے کہا۔۔ شکر ہے آپ خیریت سے گھر آگئے۔۔دوست نے پوچھا، کیوں کیا ہوا ؟۔۔ بیگم صاحبہ فرمانے لگیں ،مسجد سے اعلان ہو رہا تھا ایک زن مرید گٹر میں گر گیا، مجھے آپ کی فکر ہو گئی ۔۔ہمارے دوست نے معصومیت سے کہا، اعلان تو میں نے بھی سنا تھا، مولوی صاحب زن مرید نہیں زین فرید کہہ رہے تھے۔۔سکول ،کالجز، جامعات کھل گئے ہیں، بچے اپنے فیورٹ وزیر شفقت محمود سے مطالبہ کررہے ہیں کہ جس طرح کورونا میں پی ایس ایل دبئی میں ہورہا ہے، ہمارے امتحانات بھی دبئی میں لئے جائیں۔۔آپ نے کبھی سوچا ہے کہ چین اور جاپان میں انگریزی ذریعہ تعلیم نہیں پھر وہ اتنے ترقی یافتہ کیوں ہیں؟ فرانس میں تو انگریزی بولنے والے کو نفرت بھری نظروں سے دیکھا جاتا ہے پھر وہاں دن دگنی رات چوگنی ترقی کیوں ہورہی ہے؟۔۔ کہتے ہیں کہ عوام کے مسائل حل نہ ہوئے تو پھر اصل انقلاب آئے گا،جس کا نشانہ سب سے پہلے انقلاب لانے والے ہی بنیں گے، کیونکہ انقلابوں کی تاریخ یہی کہتی ہے اور تاریخ ہمیشہ ایک ہی نتیجہ دیتی ہے ،اسی لئے ابن خلدون نے تاریخ کو سائنس کہا ہے ۔۔سائنس کی زبان میں سیل کو خلیہ کہتے ہیں لیکن ہر شوہر کو اس کی بیوی’’ سیل ‘‘کا مطلب کچھ اور کیوں بتاتی ہے۔۔سیانے یہ بھی کہتے ہیں کہ ۔۔ انسان شاید اپنا لباس، حلیہ،سٹائل، زبان اور رہن سہن حتی ٰ کہ کبھی کبھار اپنے خیالات اور

سوچ تک نئی جگہ یا حالات میں بدل لیتا ہے مگر ۔۔ذائقہ کبھی نہیں بدلتا۔۔ انسانی زبان جو ذائقے چکھتے چکھتے جوان ہوتی ہے، وہ دوسرے ذائقے صرف تبدیلی کے لئے کھاتی ہے مگر اپناتی نہیں۔۔یہ بات تو آپ بھی مانتے ہی ہوں گے کہ دنیا کی کوئی عورت یا باورچی کسی کی ماں سے بہتر کھانا نہیں بنا سکتی۔۔۔ جب سے موبائل فون آیا ہے ، یہ امام ضامن، خط وغیرہ قصہ پارینہ کیوں بن گئے؟ ۔۔اکثر زچہ خانوں میں یہ کیوں لکھا ہوتا ہے کہ چھوٹے بچوں کا داخلہ ممنوع ہے۔۔ مسجد میں پانی پینے کے گلاس پر لکھا ہوتا ہے باہر لے جانا منع ہے، لوکی فیر باز نہیں آندے۔۔واش رومز کی اندرونی دیواروں پر تو اس قدر حد کر دی گئی ہوتی ہے کہ لوٹے سے سر پیٹنے کو دل کرتا ہے، آخر کوئی تْک ہے ان جملوں کی کہ، دیر تک بیٹھنا منع ہے، سوچنا منع ہے۔۔اب بندہ فارغ بیٹھ کر سوچے بھی نہ؟؟ باباجی فرماتے ہیں، دنیا کے بہترین آئیڈیاز ہمیشہ واش رومز میں ہی آتے ہیں۔۔بچپن میں ماں ہمیشہ کہا کرتی تھی، بیٹا دل لگا کے پڑھا کرو، ماں کو یہ سمجھ کیوں نہیں آتی تھی کہ دل لگانے کے بعد کبھی کوئی پڑھ سکا ہے کیا؟۔۔ جو لوگ انگریزی پڑھتے، لکھتے اور بولتے ہیں وہ اس بات کو اچھی طرح جانتے ہیں کہ محبت کرنا کسی گڑھے میں گرنے جیسا ہے۔ اگر ایسا نہیں ہے تو پھر انگریزی میں محبت کرنے کے لئے ‘‘Falling in Love’’ کی اصطلاح کیوں استعمال کی جاتی ہے؟۔۔

ہمیں حیرت تو اس بات پرہوتی ہے کہ پورا ہفتہ الارم سے بھی آنکھ نہیں کھلتی اور اتوار کو ایسے آنکھ کھلتی ہے جیسے علی الصبح اخبار بیچنے جانا ہو۔۔کیا آپ کو ان لوگوں کی سمجھ آئی ہے جو صرف ماں کی دعا ہی لکھتے ہیں، باپ کیا بددعائیں دیتا ہے؟۔کون ہیں وہ لوگ جو دلہنوں کی مانند زرق برق رنگا رنگ شیروانیوں میں ملبوس ہو کر لوگوں سے قرآن سے متعلق سوال پوچھتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ یار’’ تْکا ہی لگا دو؟‘‘۔۔کہاں ہیں وہ مائیں جو اپنے بچوں کو سفید براق لباس پہنا کر باہر بھیجتی ہیں اور چند لمحوں بعد وہ سر سے پیر تک کیچڑ میں لتھڑے واپس لوٹتے ہیں اور خوشی سے نہال مائیں انہیں اپنی بانہوں میں بھر لیتی ہیں کیونکہ داغ تواچھے ہوتے ہیں ؟ پھر وہ مائیں کپڑوں کی دھلائی کرنا شروع کردیتی ہیں جب کہ ہمارے زمانے میں تو ایسا کرنے پر پہلے ہماری دھلائی ہوتی تھی پھر کپڑوں کی۔۔یہ بات بھی کبھی سمجھ نہیں آسکی کہ نظر کمزور ہونے کی صورت میں لوگ عینک بخوشی لگا لیتے ہیں لیکن کم سنائی دیتا ہو تو کان میں آلہ سماعت لگاتے ہوئے شرم کیوں محسوس کرتے ہیں؟۔۔یہ کڑوا سچ بھی اپنی جگہ حقیقت ہے کہ بے روزگار ہونا اتنا مشکل کام ہے کہ اتنے لوگ کام کرکے نہیں مرتے جتنے بے روزگاری سے مرتے ہیں۔۔سیانے کہتے ہیں” سوچی پیا تے بندہ گیا” مگر انسان جتنا مرضی طاقتور ہو جائے وہ اچھے خیال اور سوچ کو نہیں روک سکتا ۔۔ریسرچ سے ثابت ہوا ہے جو لوگ کڑی دھوپ میں بھی سگریٹ کی

دکان تک جا تے ہیں وہ کبھی سگریٹ نہیں چھوڑیں گے۔۔کیا آپ کو یہ بات کبھی سمجھ آئی ہے کہ ۔۔ زندگی اگر چار دن کی ہے تو ٹیسٹ میچ کیوں پانچ دن کا ہوتا ہے۔۔جب سے ہوش سنبھالا ہے۔۔ پاکستان کی بیٹنگ، جمہوریت اور معیشت کو ہمیشہ خطرے میں ہی کیوں پایا ہے؟۔۔زندگی چار دن کی ہے پر یاد آیا۔۔ہماری زندگیوں میں چار کی چارہ گری بہت ہے۔۔ جیسے کہ۔۔ چار دن کی چاندنی پھر اندھیری رات۔۔ چار کتابیں کیا پڑھ لیں خود کو گورنر سمجھتے ہیں ۔۔چار پیسے کماؤگے تو پتا چلے گا۔۔ آخری ہماری بھی چار لوگوں میں عزت ہے۔۔ چار لوگ سنیں گے تو کیا کہیں گے۔۔۔ چار دن کی آئی بہو اور ایسے تیور۔۔ وہ آئی اور چار باتیں سنا کر چلی گئی۔۔چار قدم کا فاصلہ تو ہے تم سے کیا چار قدم بھی نہیں چلا جاتا۔۔ چار دن کی زندگی ہے ہنس کے گزار لو۔۔آپ کے آنے سے تو محفل کو چار چاند لگ گئے۔۔ کراچی میں شدید سڑی ہوئی گرمی میں کیا پانی کی ٹینکی میں اے سی لگ سکتا ہے؟؟ سورج کی جون جولائی کی چھٹیاں کیوں نہیں ہوتیں؟؟اپنی مختصر سی زندگی میں دو لوگوں سے ملنے کی شدید خواہش ہے، ایک وہ جو نئی سڑک بنتے ہی اس پر جمپ بنادیتا ہے، دوسرا وہ شخص جو اس جمپ میں سے موٹرسائیکل کے نکلنے کا راستہ بھی بناتا ہے۔۔اور اب چلتے چلتے آخری بات۔۔لڑکے کی شادی کے لئے جس لڑکی کو دیکھنے کے لئے پورا خاندان جاتا ہے، بعد میں وہ لڑکی اکیلے پورے خاندان کو ’’دیکھ ‘‘ لیتی ہے۔۔خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں۔۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *