محمد عامر کا واضح اعلان

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی کیلئے مشروط رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی سٹوری بیچنے کیلئے مجھ سے متعلق جعلی خبریں نہ پھیلائیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ

فاسٹ باﺅلر محمد عامر پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے کھیلنے پر رضامند ہوگئے ہیں تاہم آج محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان دے کر اس بات کی وضاحت کردی۔فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ میں واضح کردوں کہ میں پاکستان کیلئے دستیاب ہوں گا صرف اس وقت جب یہ مینجمنٹ چھوڑ کر چلی جائے گی لہٰذا صرف اپنی سٹوری بیچنے کیلئے مجھ سے متعلق جعلی خبریں نہ پھیلائیں۔واضح رہے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے 35 رکنی سکواڈ میں منتخب نہ ہونے پر فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے لنکن پریمیر لیگ (ایل پی ایل) سے واپسی پر اچانک قومی کرکٹ ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔ ریٹائرمنٹ سے متعلق اپنے بیان میں محمد عامر نے قومی کرکٹ ٹیم کی موجودہ مینجمنٹ خاص طور پر ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باﺅلنگ کوچ وقار یونس پر متعدد الزامات عائد کئے اور ان کی مینجمنٹ میں کھیلنے سے انکار کردیا۔ محمد عامر کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے بھی ان سے رابطہ کیا اور انہوں نے اس بات کی تصدیق کہ محمد عامر پاکستان کیلئے مزید کھیلنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

Comments are closed.