میں اس دنیا سے جارہا ہوں ، میرے بچوں کا خیال رکھنا ۔۔۔۔۔

چنیوٹ (ویب ڈیسک) چناب نگر میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماو معروف شخصیت کرنل (ر) عاصم علی شاہ کوٹ امیر شاہ چناب نگر گھر میں پر اسرار طور پر جاں بحق ہو گئے، بھائی و پولیس رپورٹ کے مطابق معاملہ خود موت کو سینے سے لگانا قرار دیا گیا ، نماز جنازہ رجوعہ سادات میں ادا

کر دی گئی، تھانہ چناب نگر پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں بتا یا گیا ہے کہ چناب نگر کے قریبی علاقہ کوٹ امیر شاہ میں مقیم کرنل (ر) عاصم علی شاہ گذشتہ رات گھر میں بے جان حالت میں پائے گئے، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود موت کو سینے سے لگایا ہے، جس پر پولیس مختلف زاویوں سے تفتیش کر رہی ہے۔ ڈی پی او چنیوٹ کیپٹن (ر) بلال افتخار کا کہنا ہے بڑی باریکی سے معاملہ کو دیکھ رہے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے، حتمی رپورٹ بعد میں جاری کی جا ئے گی۔ نمائندہ نوائے وقت چنیوٹ کے مطابق سابق وفاقی وزیر ریلوے سردار زادہ محمد علی شاہ کے بیٹے کرنل (ر) عاصم علی شاہ اپنے ڈیرے کوٹ امیر شاہ چنیوٹ میں موجود تھے کہ آتشیں ہتھیار چلنے سے بے جان حال میں پائے گئے۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق عاصم علی شاہ نے اپنے ڈیرہ کوٹ امیر شاہ میں خود موت کو سینے سے لگایا ۔ پولیس موقع پر پہنچی تو ان کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ میرے بھائی عاصم علی نے مجھے فون کیا کہ میں دنیا سے جانے لگا ہوں میرے بچوں کا خیال رکھنا جس پر متوفی کا بھائی رجوعہ سے کوٹ امیر شاہ آیا تو واقعہ کی اطلاع 15پر دی۔ مرحوم سابق ایم این اے سید طاہر شاہ کے بھتیجے، سابق تحصیل ناظم چنیوٹ سید ذوالفقار علی شاہ کے بھائی تھے۔ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد اور سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔