نصیبو لعل کے گائے ہوئے گانے نے دھوم مچا دی

لاہور (ویب ڈیسک) پی ایس ایل 6 گانا ’گروو میرا‘ سنیچر کو یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کر دیا گیا ہے۔یہ پی ایس ایل اینتھم معروف پنجابی گلوکارہ نصیبو لال، آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ بینڈ ’ینگ سٹنرز‘ نے مل کر گایا ہے اور محض چند گھنٹوں میں اسے

صرف یوٹیوب پر لاکھوں کی تعداد میں لوگ دیکھ اور سن چکے ہیں۔لیکن ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی پی ایس ایل کے گانے پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ اکثر صارفین نے اپنے ردعمل میں نصیبو لال کو مدنظر رکھا ہوا ہے۔اس گانے پر تبصرہ کرتے ہوئے محمد نعیم یوٹیوب پر لکھتے ہیں کہ ’ہر سال پی ایس ایل کے نئے اینتھم کے آنے کے بعد مجھے پچھلے والے سے پیار ہوجاتا ہے۔‘ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’نصیبو کے کسی گانے میں ’وے‘ نہ ہو، یہ ناممکن ہے۔‘ارسلان لکھتے ہیں کہ: ’مجھے کرکٹ سے کوئی لگاؤ نہیں لیکن اس گانے نے مجھے فین بنا دیا ہے۔ نصیو اس میں عمدہ ہیں۔‘ٹوئٹر پر زارا نامی صارف نے کہا کہ ’گانے کی ویڈیو اور گرافکس بہت اچھے ہیں لیکن خود گانا اتنا اچھا نہیں۔۔۔ لیکن میں وعدہ کرتی ہوں کہ اس گانے کو پسند کرنے کے لیے پوری کوشش کروں گی۔‘صحافی ارفا فیروز نے لکھا کہ ’کرکٹ فینز کی اکثریت گروو میرا کو پسند نہیں کر رہی لیکن سٹیڈیم میں گانے کی فیلنگ ہی الگ ہوتی ہے۔’نصیبو لال کا پارٹ سٹیڈیم میں بجے گا تو قذافی اور نیشنل سٹیڈیم میں شائقین پاگلوں کی طرح چیخیں گے۔‘لیکن کچھ صارفین کو گانے میں آئمہ بیگ اور ینگ سٹنرز کا حصہ زیادہ پسند آیا۔ جیسے سیف کے مطابق ’پورے اینتھم میں ینگ سٹنرز چھائے رہے۔‘تاہم اکثر صارفین یہ تبصرہ کرتے دکھائی دیے کہ نصیبو اور آئمہ بیگ کی آوازیں ایک ساتھ سینک (ہم آہنگ) نہیں ہیں۔معصومہ نے لکھا کہ ’مجھے موسیقی کی زیادہ سمجھ نہیں لیکن آئمہ اور نصیبو ایک ساتھ سینک نہیں کر رہے۔‘پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی طرح چھٹا ایڈیشن بھی مکمل طور پر پاکستانی میدانوں میں سجنے والا ہے۔ پی ایس ایل 6 کا آغاز 20 فروری سے ہو گا اور اس کے میچ کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے میچوں کے دوران 20 فیصد شائقین کے داخلے کی اجازت دی ہے۔کرس گیل کے علاوہ افغانستان کے راشد خان، مجیب الرحمان اور قیس احمد بھی پہلی بار پی ایس ایل پاکستان میں کھیلیں گے۔

Comments are closed.