ٹیسٹ کرکٹ کے میدان میں ایک اور ریکارڈ قائم :

ممبئی (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے اعجاز پٹیل نے ممبئی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں انڈیا کی پوری ٹیم کو پویلین واپس بھیج کر ٹیسٹ کرکٹ کے عظیم ترین باؤلرز میں اپنا نام درج کرالیا۔ انہوں نے 47.5 اوورز میں 119 رنز کے عوض پوری بھارتی ٹیم کو آؤٹ کیا۔ ایسا کرنے والے وہ دنیا کے تیسرے

ٹیسٹ باؤلر ہیں۔اعجاز پٹیل سے پہلے صرف دو ہی کھلاڑیوں کے پاس ایک اننگز میں 10 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ تھا جن میں سے ایک کا تعلق انگلینڈ جب کہ دوسرے کا انڈیا سے ہے۔ ایک اننگز میں سب سے پہلے دس کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے جم لیکر نے سنہ 1956 میں آؤٹ کیا تھا۔ انہوں نے یہ کارنامہ روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف انجام دیا۔ ان کے بعد انڈیا کے انیل کمبلے نے 4 فروری 1999 کو دہلی ٹیسٹ کے دوران پاکستان کے 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان کی طرف سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ نو وکٹیں لینے کا ریکارڈ لیگ سپنر عبدالقادر اور فاسٹ باؤلر سرفراز نواز کے پاس ہے۔یاسر شاہ، سکندر بخت اور ثقلین مشتاق ایک اننگز میں آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ سابق کپتان اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان نے دو بار ایک اننگز میں آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے پہلی بار 22 مارچ 1982 کو سری لنکا کے خلاف لاہور میں اور دوسری بار 23 دسمبر 1982 کو انڈیا کے خلاف کراچی میں یہ کارنامہ سر انجام دیا۔

Comments are closed.