پاکستان اور بھارت میں ریکارڈ اموات ،

اسلام آباد (ویب ڈیسک) کورونا سے24 گھنٹے میں ریکارڈ 157اموات، 5ہزار 908نئے کیسز،مثبت شرح 11.27،فعال کیسز86 ہزار529 ہوگئے،صورتحال سنگین، تیسری لہر بچوں کیلئے بھی خطرناک قرار،اسلام آباد کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے 5اضلاع میں بھی فوج طلب، حکومت کاکہناہےکہ مارکیٹس ، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ اور تعلیمی اداروں سمیت مکمل لاک ڈائون پر غورکیا جارہاہے،

فیصلہ سب سے مشاورت کے بعد کرینگے۔سربراہ این سی اوسی اسد عمر کاکہناہےکہ مریضوں کی تعدادگزشتہ جون کی نسبت 30فیصد زیادہ ہے،وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نےکہاہےکہ 79فیصد آبادی ایس او پیز پر عمل نہیں کررہی، دستیاب آکسیجن کا 90فیصد زیر استعمال، درآمد بھی کرلیں تو معاملات سے نمٹنا مشکل ہے۔لاک ڈاؤن کے دوران تعلیمی اداروں کی مکمل بندش، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ، مالز اور مارکیٹس کو بند کرنے کی تجاویز ہیں، صوبائی حکومت کی درخواست پر رینجرز، پاک فوج اور ایف سی کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔دوسری جانب کوروناوائرس نے پڑوسی ملک بھارت میں تباہی مچادی ،اسپتالوں میں آکسیجن کی قلت ، مریض دم گھٹ کر جان بحق لگے ، اسپتالوں میں مریضوں کا سونامی ، گنجائش ختم،طبی سہولیات ، عملہ اور ڈاکٹر کم پڑ گئے ،نئے مریضوں کو لینے سے انکار ، بھارت میں ہفتے کے روز ایک بار پھر ریکارڈ 3لاکھ 46ہزار 789نئے کیسز سامنے آگئے۔یہ اب تک ایک ہی روز میں کسی بھی ملک میں کیسز کا نیا عالمی ریکارڈ ہے ، اسپتالوں نے طبی آلات اور آکسیجن کی فراہمی کیلئے عدالتوں سے رجوع کرلیا ، دہلی ہائیکورٹ نے ہفتے کے روز دوران سماعت کہا کہ ملک میں مریضوں کا سونامی آیا ہوا ہے ، وفاقی اور ریاستی حکومتیں بتائیں انہوں نے کیا تیاری کی؟ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں ہفتے کے روز کورونا وائرس کے 8لاکھ 93ہزار نئے کیسز سامنے آئے ، اس تناسب سے ہفتے کے روز دنیا میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا ہر تیسرا شخص بھارتی شہری رہا۔بھارت میں مسلسل تین دنوں میں تین لاکھ سے زائد کیسز سامنے آنے کے بعد 3دن میں 10لاکھ نئے کیسز سامنے آگئے ،گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا سے ریکارڈ 2ہزار 624اموات بھی ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد ایک لاکھ 89ہزار 544ہوگئی۔برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق بھارت میں اسپتال آکسیجن سلنڈرز کی بھیک مانگ رہے ہیں، کئی اسپتالوں نے اپیلز جاری کی ہیں کہ ان کے پاس صرف چند گھنٹوں کیلئے آکسیجن باقی رہ گئی ہے جبکہ بیک اپ موجود نہیں ہے اور سپلائی متاثر ہے۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *