پاکستان میں مہنگائی کب ختم ہو گی۔۔۔ ؟

اسلام آباد(یب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں مہنگائی کا سیلاب آیا ہوا ہے‘ عوام کی مشکلات کا علم ہے، اعتماد رکھیں مشکلات سے نکالیں گے‘ مہنگائی صرف سردیوں تک ہے‘عام آدمی کیلئے بڑا پیکیج لارہے ہیں‘وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپنے آپ کو

شیر شاہ سوری کہلوانے والوں کے دور میں بنائی جانے والی سڑکوں سے ہم سستی سڑکیں بنا رہے ہیں‘پاکستان میں غربت میں کمی آئی ہے‘ ہماری حکومت نے آنے والی نسلوں کا سوچا ہے اگلے الیکشن کا نہیں‘ حیرت ہے اپوزیشن ای وی ایم سے کیوں ڈری ہوئی ہے‘حکومت کی کارکردگی سے انہیں خطرہ ہے کہ ان کی سیاسی دکانیں بند ہو جائیں گی‘مہنگائی کا سیلاب باہر سے آ رہا ہے‘ تین ماہ میں تیل کی قیمتیں دوگنی ہو گئی ہیں اور مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو للہ۔جہلم دو رویہ شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ملک میں طویل مدتی ترقی لانی ہے‘ انتخابی فائدے کیلئے میٹرو پر اربوں روپے لگانے سے قوم ترقی نہیں کرتی۔عمران خان کا کہناتھا کہ لندن میں بیٹھ کر ملک کے حالات پر دکھ کا اظہار کرنے والے اور اپنے آپ کو شیر شاہ سوری کہلانے والوں نے جو کچھ کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے‘ مسلم لیگ (ن) نے سڑکوں پر ایک ہزار ارب روپے اضافی خرچ کئے ‘دیگر منصوبوں کی تو بات ہی نہیں کر رہے‘ لندن میں بڑے بڑے محلوں میں رہنے والے اور بڑی بڑی گاڑیوں میں سفر کرنے والوں کے پاس سارا پیسہ یہاں سے گیا اور وہ آج یہ نہیں بتا سکے کہ لندن میں لئے جانے والے اربوں روپے کے فلیٹس کیلئے پیسہ کہاں سے آیا اور اس کے ثبوت کیلئے ایک دستاویز تک نہیں پیش کر سکے۔

Comments are closed.