پاکستان نامور عالم دین سے محروم ہو گیا

کراچی (ویب ڈیسک) معروف عالم ِدین اور ذاکر علامہ طالب جوہری انتقال کر گئے، وہ کئی روز سے کراچی کے نجی اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج تھے۔اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علامہ طالب جوہری کئی روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے

اور انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔علامہ طالب جوہری کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر امروہہ گراؤنڈ انچولی میں ادا کی جائے گی۔ علامہ طالب جوہری 27 اگست 1939ء کو پیدا ہوئے۔ ان کے والد مشہور عالم دین علامہ مصطفیٰ خاں جوہر تھے۔ علامہ طالب جوہری کو کئی برسوں سے پاکستانی علماء میں مرکزی حیثیت حاصل تھی۔کراچی کے نشتر پارک میں شام غریباں کی مجلس سے ان کی شہرت پاکستان اور دنیا بھر میں پھیل گئی، اس مجلس کے سامعین میں مسلمانوں کے تمام طبقہ ہائے فکر شامل تھے۔علامہ طالب جوہری فن تقریر میں صاحب اسلوب تھے۔ ایک دل نشیں مقرر ہونے کے علاوہ بھی علامہ طالب جوہری کی کئی جہتیں تھیں۔انہوں نے کئی کتابیں لکھیں، قرآن کی تفسیر لکھی اور شاعری بھی کی، ان کی شاعری کے تین مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔

Sharing is caring!

Comments are closed.