چند ماہ قبل تبدیلی کی حمایت میں لکھنے والا کالم نگار پی ٹی آئی چیئرمین سے جواب طلب کرنے پر مجبور ہو گیا

لاہور (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پہلا شو کاز نوٹس ۔۔۔منجانب: نظریاتی اور پرانا پی ٹی آئی کارکن۔ڈیئر عمران خان صاحب۔۔۔آپ کا محبت نامہ، شو کاز نوٹس کی شکل میں مجھے ملا جس میں میری دو ٹوئیٹس پر وضاحت مانگی گئی۔ مجھے شوکت خانم ہسپتال کیلئے برسوں تک اپنی تنخواہ میں

سے ہر ماہ دس فیصد ڈونیشن کٹوانے کا افسوس نہیں؟مجھے میانوالی نمل یونیورسٹی کو ڈونیشن دینے کا بھی افسوس نہیں؟مجھے 2005 کے زلزلہ میں آپ کو ڈونیشن دینے کا بھی افسوس نہیں۔مجھے پارٹی دفتر کے اخراجات اپنی جیب سے دینے کا بھی افسوس نہیں۔مجھے پی ٹی آئی میں بیس سال کام کرنے کا بھی افسوس نہیں کیونکہ یہ میری ذات سے بالاتر مقاصد تھے۔ مجھے افسوس یہ ہے کہ میں آپ کو پہچان نہ سکا اور دھوکے میں رہا۔یہ میرا الزام نہیں بلکہ آپ کے ماضی میں کئے گئے دعوؤں اور برسر اقتدار آنے کے بعد اْن دعوؤں کے تضاد کی حقیقت ہے۔ریاست مدینہ میں حضرت عمر رضی اللّہ تعالیٰ عنہ سے اْن کی کرتے کے کپڑے کے سائز پر سوال ہوا تھا، اْس کا جواب دیا گیا لیکن اْس شخص کو کوئی شو کاز نوٹس نہیں دیا گیا۔ پاکستان کو ریاست مدینہ سے پہلے اپنی پارٹی کو تو ریاست مدینہ کے مطابق بنا لیں۔ ایک شو کاز نوٹس میں آپ کو پی ٹی آئی کے خاموش اور دیوار سے لگے ورکرز کی طرف سے دے رہا ہوں، 1۔ آپ نے آئی ایم ایف میں جانے سے پہلے موت کو سینے سے لگانا تھا ، یہ فعل حرام ہے لیکن آئی ایم ایف کیسے حلال ہو گئی؟ جو دوسروں کیلئے حرام تھی وہ آپ کیلئے حلال کیسے ہو گئی؟ 2۔ آپ نے اپوزیشن پر بدعنوانی کے الزام لگائے اور وعدہ کیا لوٹا ہوا مال واپس لاؤں گا۔آج ساڑھے تین سال کے بعد ایک ڈالر بھی نہیں آیا، ہاں ایک بڑی کاروباری شخصیت کے برطانوی حکومت کی طرف سے منی لانڈرنگ میں ڈکلئیرکئے گئے

کروڑوں ڈالر سپریم کورٹ کی پینلٹی میں ایڈجسٹ ہو گئے۔ آج تک اپوزیشن کے کسی لیڈر پر بدعنوانی ثابت نہیں ہو سکی۔ کیا اسکا مطلب یہ ہے کہ آپ کے الزامات غلط تھے؟ یا اسکا مطلب یہ ہے کہ آپ اور آپ کی ٹیم نااہل ثابت ہوئی؟ دونوں میں سے ایک کی تصدیق کرکے قوم سے معافی مانگیں۔ آپ کے دور میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان میں بدعنوانی میں اضافہ ہوااور ریٹنگ میں مزید تنزلی ہوئی۔بدعنوانی کی وجہ سے ہی آپ نے اپوزیشن کو چور لٹیرے کہا، کیا آپ کے دور میں چوروں اور لٹیروں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے اور کیا آپ اب ان کے محافظ ہیں؟ 3۔ پانامہ لیکس میں اپوزیشن میں ہوتے ہوئے آپ نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ گئے۔ اب ملک کے تمام ادارے آپ کے ما تحت ہیں،پنڈورا لیکس میں سینکڑوں پاکستانیوں کے خلاف اب تک کیا ایکشن لیا؟ اگر بھول گئے ہیں تو اپنی ٹویٹ پڑھ لیں، جس میں آپ نے اس تحقیقات کو خود لیڈ کرنے کا عندیہ تھا؟ 4۔ گندم، چینی، تیل، گیس، رنگ روڈ کے سکینڈل کی تحقیقات میں کیا آپ کو کوئی ذمہ دار نہیں ملا؟ قوم کو لوٹنے والوں کو آپ کے دور میں کیسے تحفظ ملا؟ 5۔ پچھلے ساڑھے تین سال میں ہر روز71 ارب کا قرض کہاں استعمال ہوا؟ پچھلے دور میں یہی قرضہ8 ارب تھا اور اس کی بنیاد پر آپ نے پچھلی حکومت کو چور ڈکلیئر کیا۔ اب آپ اپنے لئے کیا لقب تجویز کریں گے؟ 6۔ ایک سال میں ایک زرعی ملک کو کیوں گندم،

چینی اور خوراک امپورٹ کرنے میں دس ارب ڈالر خرچ کرنے پڑے؟ کیا اسکا مطلب پاکستان کی زراعت کو تباہ کرنے کا سہرا کس کو جائے گا؟ 7۔ مہنگائی میں پاکستان دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک کیسے بن گیا؟ 8۔ آپ کے دور میں کشمیر بھارت کا حصہ بن گیا، کیا یہ کسی نا اھلی ہے یا ملی بھگت؟ اور کشمیر روڈ کا نام سری نگر روڈ رکھ کر کشمیر فتح ہو گیا؟ 9۔ آپ کے دور میں صرف ساڑے تین برس میں پاکستان میں روپیہ ڈالر کے مقابلے میں پچاس فیصد کیسے گر گیا؟ آپ تو ایک روپیہ گرنے پر حکومتوں کو چور کہتے تھے؟ 10۔ ساہیوال کی معصوم بچی جس کے ماں باپ کو اْس کی نظروں کے سامنے زندگی سے محروم کردیا گیا ا، اس کو آج تک انصاف کیوں نہیں ملا؟ کیا اْسکی معصوم شکل آپ کو خواب میں آتی ہے؟ 11۔ مری میں سردی میں ٹھٹھر کر یا کاربن مونو آکسائڈ سے جان سے ھاتھ دھونے والے آپ کے آرام دہ بنی گالا گھر سے صرف تیس میل دور تھے، آپ کو رات کو نیند کیسے آئی جب میڈیا نے ایک رات پہلے حالات کی سنگینی کا بتا دیا تھا۔ کیا ان جانوں کا حساب اس دنیا میں دیں گے یا روز محشر اسکا جواب دیں گے؟ اگر آپ کے بچے مری میں برف میں پھنسے ہوتے تو کیا آپ کو نیند آتی؟ 12۔ آپ نے غیر قانونی طور پر اپنی پارٹی کو تحلیل کرکے اپنے پارٹی کے آئین کی دھجیاں اْڑا دیں۔ کیا یہ ایک فاشسٹ جماعت ہے

یا جمہوری جماعت؟ کیا آپ پارٹی کے اندر فری اور فیئر الیکشن کروانے کی ہمت کر سکتے ہیں؟ مجھے یقین ہے کہ آپ اپنی پارٹی میں الیکشن ہار جائیں گے اگر شفاف انٹرا پارٹی الیکشن ہوئے۔ 13۔ آپ نے پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا، ساڑے تین سال میں کتنے گھر بن گئے؟ کیا یہ بھی روٹی کپڑا اور مکان جیسا سیاسی نعرہ تھا؟ 14۔ کیا آپ نے پاکستان کی نوجوان نسل کو بد تہذیبی، مغلطات اور بدتمیزی کا کلچر دیا؟ اس نسل کا مستقبل کیا ہے؟ اسکی تربیت کون کرے گا؟ کیا آج معاشرے میں پھیلی ہوئی بدتمیزی کے ذمہ دار آپ نہیں؟ 15۔ کیا آپ نے اوورسیز پاکستانیوں کو برسوں تک اے ٹی ایم مشین کی طرح استعمال نہیں کیا لیکن حکومت میں آنے کے بعد اوورسیز کی نمائندگی زلفی بخاری اور طارق محمود جیسے لوگوں کے حوالے کر دی جن کا آپ کے اوورسیز چیپٹرسے کبھی بھی کوئی تعلق نہیں رہا۔اوورسیز پاکستانیوں سے اس دھوکے کا کون ذمہ دار ہے؟ اوورسیز پاکستانیوں کے اربوں کے فنڈز سے یہ پارٹی پچھلے پندرہ سالوں سے چل رہی ہے؟ آپ نے انہیں نمائندگی کیوں نہیں دی؟ 16۔ سیالکوٹ واقعے کے ذمہ داروں کو تعین کب ہوگا؟ 17۔ شیخ رشید جسے آپ چپڑاسی بھی نہیں رکھنا چاہتے تھے، اس کی وزیر ریلوے اور وزیر داخلہ تک ترقی کیسے ہوئی؟ 18۔ مفادات کا ٹکرائو جسے آپ برائی کی جڑ سمجھتے تھے وہ رزاق داؤد کے اربوں کے ٹھیکے میں کیسے حلال ہو گیا؟ 19۔ وہ جو دو سو اداروں کے ایکسپرٹ آپ نے ڈھونڈے تھے، وہ کہاں غائب ہو گئے؟

کوئی ایک ادارہ بتا دیں جو آپ نے ساڑھے تین میں قابل قدر مثال بنایا ہو؟ 20۔ ریاست مدینہ میں سود کی گنجائش نہیں اور قرآن میں اسکی سختی سے ممانعت ہے، آپ کی ریاست مدینہ میں سود ختم کیوں نہیں ہوا؟ 21۔ آپ کا فرمان تھا کہ صرف بدعنوان لوگوں کو میڈیا کا خوف ہوتا ہے، آپ کے دور میں میڈیا پر آمریت سے زیادہ پابندیاں لگیں، میڈیا کی آزادی کی انٹرنیشنل ریٹنگ میں پاکستان آپ کے دور میں مزید نیچے چلا گیا۔22۔ ریاست مدینہ میں اقلیتوں کے حقوق کو بڑی اہمیت حاصل ہے لیکن اقلیتوں کے خلاف بدترین اٹیکس آپ کے دور میں ہوئے۔ آپ اقلیتوں کو تحفظ کیوں نہیں دے سکے؟ 23۔ آپ نے پولیس ریفارمز لانے کا وعدہ کیا تھا، ساڑھے تین سال میں کیوں نافذ نہیں ہوسکی؟ 24۔ آپ نے سول سٹرکچر میں ریفارمز کا وعدہ کیا تھا، کیوں آج تک آپ ریفارم متعارف نہیں کروا سکے؟ 25۔ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق آپ کے پاس تین ماہ کا وقت ہے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا۔ابھی تک الیکشن کا اعلان کیوں نہیں ہوا؟26۔ فارن فنڈنگ کیس میں آپ نے پارٹی فنڈز پارٹی ملازمین کے نام پر کیوں منگوائے؟ اگر یہ درست ہے تو اپوزیشن لیڈرز پر اپنے ملازمین کے نام پیسے ٹرانسفر کرنے کو منی لانڈرنگ کہنا چاہیے؟ 27۔ آپ کا چیتا وزیر حماد اظہر صحافیوں کے سوالات کا جواب کیوں نہیں دے سکا؟ کیا یہ بھی آپ کا منصور اختر ہے؟ کیا پاکستان آپ اور آپ کے درجنوں منصور اختر کی پریکٹس پچ ہے؟ 28۔ اگر نواز شریف کی بیماری کو

آج آپ کے وزیر فراڈ کہہ رہے ہیں تو اس توجیح سے کیا فیصل سلطان سب سے بڑا فراڈ نہیں جس نے نواز شریف کی بیماری کے درست ہونے کا سرٹیفیکیٹ دیا؟ 29۔ آپ کا بنی گالا کا گھر اور کانسٹیٹیوشن ایونیو کا فلیٹ کیسے غیر قانونی سے قانونی ہو گیا؟ کیا غریبوں کے گھر ریگولرائز نہیں ہو سکتے جیسے کانسٹیٹیوشن ایونیو ریگولرائز ہو گیا؟ 30۔ آپ نے سالانہ ریونیو کولیکشن کے حوالے سے قوم کو غلط اعدادوشمار بتائے؟ کیا اس جھوٹ کے بعد آپ صادق اور امین ہیں؟ اگر آپ نے ان تیس سوالوں کے شو کاز کا جواب دیدیا تو میں اپنی دو ٹوئیٹس کا بھی جواب دے دوں گا۔ اب ریاست مدینہ کے حکمران ہونے کا ثبوت دیں اور میرے سوالوں کا جواب بھی دیں اور میرے خلاف وارننگز کو بند کریں۔ میرے اور آپ میں ایک فرق ہے کہ ہر روز سونے سے پہلے میری دو بیٹیاں میری حفاظت اور سلامتی کی دعا کرتی ہیں۔ ویسے میں نے پچھلے دس دن میں چالیس ٹوئیٹس کی ہیں، اسلئے شو کاز کو تبدیل کر لیں، میری ان چالیس ٹوئیٹس کو بیس لاکھ لوگوں نے دیکھا، بہت بڑی اکثریت نے اتفاق کیا، ری ٹوئیٹ کیا، صرف دوہزار کمنٹ منفی تھے، اور یہ بھی پورے پاکستان سے آپ کے صرف دو سو سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کے دہرائے ہوئے کمنٹس تھے۔ آپ کو پتہ ہی نہیں چلا آپ کی سوشل میڈیا بھی فیل ہو گئی یا اْن کا بھی ضمیر میری طرح جاگ گیا۔آپ کے جوابات کا انتظار اب پوری قوم کو ہے۔۔۔۔۔۔احمد جواد جس کا خون اور پسینہ پی ٹی آئی کی بنیادوں میں ہے جو پی ٹی آئی کے ورکرز اور اوورسیز پاکستانیوں کی اصل آواز ہے جو جاری رہے گی اور اب یہی میری سب سے بڑی پہچان ہے)جناب چیئرمین لازم نہیں یہ سب سچے ہوں لیکن یہ بھی ضروری نہیں کہ سب کچھ حقیقت سے دور ہو۔ اپنے لوگوں کو قریب لائیں ان کی باتیں سنیں اور ان کی تجاویز پر عمل کریں۔

Comments are closed.