کس جماعت کے حصے میں کتنی سیٹیں آ گئیں ؟

پشاور (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت پی ٹی آئی کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست ہوئی ہے، انتخابات کے پہلے مرحلے میں اب تک جے یو آئی ایف 64 میں سے 19 تحصیلوں میں برتری حاصل کرکے سب سے آگے ہے، 4 میں سے 3 اہم شہروں

پشاور، بنوں اور کوہاٹ میں جے یو آئی کا میئر کا امیدوار بھی آگے ہے جبکہ مردان میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سب سے آگے ہے۔کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں اب سے کچھ دیر پہلے تک تحریک انصاف 15 تحصیلوں میں آگے ہے، آزاد امیدواروں کو 12 اور عوامی نیشنل پارٹی کو 8تحصیلوں میں برتری حاصل ہے، جماعت اسلامی 3 ، مسلم لیگ نون اور تحریک اصلاح پاکستان 2-2 تحصیلوں میں آگے ہیں ۔میئر پشاور کے سب سے بڑے مقابلے میں اب تک جے یو آئی ایف کے زبیر علی سب سے آگے ہیں، 285 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق زبیر علی نے اب تک 32 ہزار 275 اور پی ٹی آئی کے رضوان بنگش نے 26 ہزار 695 ووٹ حاصل کیے ہیں۔بنوں سٹی میئر کی نشست پر جے یو آئی کے امیدوار عرفان اللّٰہ درانی نے پی ٹی آئی پر واضح برتری حاصل کرلی، عرفان اللّٰہ کے 37 ہزار 458 ووٹوں کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے امیدوار اقبال خان جدون کے 23 ہزار 867 ووٹ ہیں۔مردان سٹی میئر کے انتخاب میں عوامی نیشنل پارٹی کے حمایت اللّٰہ نے پی ٹی آئی پر واضح برتری حاصل کر لی ہے، جے یو آئی ایف کا امیدوار دوسرے نمبر پر ہے۔ذرائع کے مطابق مردان سٹی کونسل کے غیر سرکاری نتیجے کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے حمایت اللّٰہ نے معرکہ جیت لیا ہے، وہ سٹی کونسل کے میئر منتخب ہوگئے ہیں۔غیر سرکاری نتائج کے مطابق حمایت اللّٰہ نے 56ہزار 458 ووٹ لیے اور جے یوآئی ف کے

امانت شاہ حقانی 49 ہزار938 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔کوہاٹ سٹی کے الیکشن میں جے یو آئی کے شیر زمان آزاد امیدوار شفیع اللّٰہ خان سے آگے نکل گئے ہیں ، نوشہرہ کی تحصیل پبی میں بھی پی ٹی آئی کو اپ سیٹ شکست ہوئی ہے، اے این پی کے غیور علی خان نے میدان جیت لیا ہے۔غیر سرکاری نتائج کے مطابق کوہاٹ میں جے یو آئی ف کے امیدوار شیر زمان سٹی کونسل کے میئر منتخب ہوگئے ہیں۔شیر زمان نے 34 ہزار434 ووٹ لیے اور آزاد امیدوار شفیع اللّٰہ جان 25 ہزار 793 ہزار ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ضلع بونیر کی 6 میں سے 4 تحصیلیں تحریک انصاف نے جیت لی ہیں، بونیر کی تحصیل خدوخیل میں بھی پی ٹی آئی آگے ہے، چارسدہ کی تینوں تحصیلوں میں جے یو آئی کو برتری حاصل ہے۔ضلع خیبر میں تحریک اصلاح پاکستان کو برتری حاصل ہے، ضلع صوابی میں پی ٹی آئی کے عطا اللّٰہ خان چیئرمین تحصیل کونسل منتخب ہوئے ہیں، ضلع مردان کی تحصیل تخت بائی، تحصیل کاٹلنگ اور تحصیل رستم میں جے یو آئی آگے نکل گئی، مردان کی تحصیل گڑھی کپورہ میں اے این پی آگے ہے