یہ ویکیسن کس کمپنی اور کتنی تعداد میں خریدی گئی ہے؟

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان نے کورونا ویکسین کی پہلی خریداری کر لی ہے، یہ خریداری دوست ملک چین سے کی گئی ہے۔پاکستان کا چینی کمپنی سائینو فارم سے ویکسین کا معاہدہ طے پایا ہے۔ چین سے 5 لاکھ کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ آج پاکستان پہنچے گی۔

سائینو فارم پاکستان کو کورونا ویکسین مرحلہ وار فراہم کرے گی۔سائینو فارم ویکسین کے ہنگامی استعمال کا اجازت نامہ این آئی ایچ کے پاس ہے۔ چین نے پاکستان کو ویکسین کے معاملے پر خصوصی رعایت فراہم کی ہے۔ پاکستان میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو سائینو فارم ویکسین دی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ پاکستان میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو سائینو فارم ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ پاکستان میں سائینو فارم کورونا ویکسین موثر اور کامیاب ثابت ہوئی ہے جبکہ پاکستان کی چینی کمپنی کین سائینو سے ویکسین خریداری پر بھی بات چیت جاری ہے۔خیال رہے کہ ملک بھر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران عالمی وبا سے مزید 58 افراد انتقال کر گئے ہیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے اس موذی مرض سے موت کی وادی میں جانے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار 595 ہو گئی ہے۔ این سی او سی کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں 2511 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد چھ لاکھ نو ہزار 9 سو 64 ہو چکی ہے۔این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد بائیس ہزار اڑھتیس ہے۔ اس وبائی مرض سے زیادہ اموات کا ڈیٹا پنجاب میں سامنے آیا ہے جہاں پانچ ہزار آٹھ سو بارہ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔صوبہ سندھ میں چار ہزار چار سو اکسٹھ، خیبر پختونخوا دو ہزار ایک سو انہتر، اسلام آباد میں پانچ سو چھبیس، گلگت بلتستان میں ایک سو تین، بلوچستان میں دو سو دو اور آزاد کشمیر میں تین سو بائیس افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *