9 شیردل بھائیوں میں سے ایک اور بھائی انتقال کر گیا

راولپنڈی ( ویب ڈیسک ) سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ریٹائرڈ شمیم عالم خان انتقال کر گئے ، مرحوم کی تدفین کل راولپنڈی میں کی جائے گی ۔واضح رہے کہ جنرل (ر) شمیم عالم خان 9 بھائی تھے اور تمام بھائی افواج پاکستان میں اعلیٰ خدمات سر انجام دے چکے ہیں ۔

ان کے والد محبوب عالم خان متحدہ ہندوستان میں سروے سپروائزر تھے۔ ان کے 9بیٹوں نے افواج پاکستان میں شمولیت اختیار کی اور 1965اور1971ء کی لڑائیوں میں بہادری کے جوہر دکھائے اور بہت سی نیک نامی اور عزت کمائی۔ان میں سے ایک بھائی نے 1967ء میں بھارت کے خلاف ایک معرکے میں خود کو وطن پاک پر قربان کردیا جبکہ ایک بھائی نے 1971ء کی لڑائی میں وطن کی حرمت پر اپنی جان وار دی۔ان 9بھائیوں کے نام بریگیڈیئر ظاہر عالم خان، کرنل فیروز عالم خان، سکوارڈن لیڈر شعیب عالم خان، جنرل شمیم عالم خان، وائس ایڈمرل شمعون عالم خان، ونگ کمانڈر آفتاب عالم خان، فلائٹ آفیسر مشتاق عالم خان، کیپٹن اعجاز عالم خان، لیفٹیننٹ جنرل جاوید عالم خان تھے۔ ان میں سے ونگ کمانڈر آفتاب عالم خان کو 1965کی لڑائی میں دادِ شجاعت دینے پر ستارہ جرأت دیا گیا لیکن انہوں نے یہ کہہ کر لینے سے انکار کر دیا کہ میں نے فوج صرف اپنا فرض ادا کرنے کے لیے جوائن کی ہے۔

Comments are closed.